شاہی اعزاز چھوڑ کر عام شخص سے محبت کی شادی کرنے والی شہزادی

اپ ڈیٹ 29 اکتوبر 2018
شہزادی نے 29 اکتوبر کو شادی کی—فوٹو: اے پی
شہزادی نے 29 اکتوبر کو شادی کی—فوٹو: اے پی

جاپانی بادشاہ اکیتو کی ایک اور پوتی اور 27 سالہ شہزادی نے بادشاہت کو چھوڑ کر محبت کی خاطر ایک عام آدمی سے شادی کرلی۔

27 سالہ آیاکو جاپان کے بادشاہ کے کزن کی بیٹی ہیں، جنہوں نے رواں برس یکم جولائی کو اعلان کیا تھا کہ وہ ایک عام شخص سے شادی کریں گی۔

ایک عام شخص سے محبت ہوجانے کے بعد شہزادی نے اپنے شاہی خاندان کو مطلع کردیا تھا، جس کے بعد شاہی خاندان نے بھی ان کی محبت کو تسلیم کرلیا تھا۔

شاہی خاندان نے یکم جولائی کو اعلان کیا تھا کہ27 سالہ شہزادی آیاکو کی منگنی اگست میں کی جائے گی، جس کے بعد ان کی شادی 29 اکتوبر کو کردی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: جاپانی شہزادی آیاکو محبت کی خاطر بادشاہت ٹھکرانے کو تیار

شہزادی آیاکو نے شپنگ کمپنی میں ملازمت کرنے والے 32 سالہ کائی موریو سے شادی کی، جن سے ان کی محبت اس وقت ہوئی جب شہزادی نے کائی موریو سے اپنے ہی خاندان کی ایک اور شہزادی کے توسط سے 2017 میں ملاقات کی۔

شہزادی شادی کے لیے آتے ہوئے—فوٹو:اے پی
شہزادی شادی کے لیے آتے ہوئے—فوٹو:اے پی

جاپان ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق شہزادی آیاکو اور کائی موریو کی شادی ٹوکیو کے میجی شرائن میں جاپانی روایات کے مطابق ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق شہزادی کی جانب سے عام شخص سے شادی کیے جانے کے بعد انہیں شاہی اعزازات سے ہاتھ دھونا پڑے گا، کیوں کہ وہ اب وہ شاہی خاندان کا حصہ نہیں رہیں۔

جاپان کے شاہی خاندان کی یہ مسلسل تیسری شہزادی ہیں، جنہوں نے ایک عام شخص سے شادی کی ہے، ان سے قبل 2017 میں بھی شاہی خاندان کی ایک شہزادی نے عام شخص سے شادی کی تھی۔

2 سال قبل جاپانی شہنشاہ اکیتو کی 25 سالہ پوتی شہزادی ماکو نے بھی شاہی حیثیت چھوڑ کر عام شخص سے شادی کی تھی۔

25 سالہ شہزادی ماکو سے قبل بھی 2014 میں ایک جاپانی شہزادی نے محبت اور شادی کے لیے شاہی خاندان کو چھوڑا تھا۔ 4 سال قبل شہزادی نوریکو نے بھی عام شخص سے شادی کرکے شاہی حیثیت کو ٹھکرادیا تھا۔

2017 میں بھی شہزادی ماکو نے عام شخص سے شادی کی تھی—فائل فوٹو: سی جی ٹی این
2017 میں بھی شہزادی ماکو نے عام شخص سے شادی کی تھی—فائل فوٹو: سی جی ٹی این

جاپانی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق شاہی خاندان کی مزید ایک شہزادی آئندہ 2 سال میں ایک عام شخص سے شادی کرنے والی ہیں۔

مزید پڑھیں: محبت کے لیے شاہی حیثیت ٹھکرانے والی شہزادی

عام شخص سے شادی کرنے والی 27 سالہ شہزادی آیاکو شادی سے قبل مختلف شاہی عہدوں پر خدمات سر انجام دے رہی تھیں۔ انہوں نے کینیڈا کے کاسموسن کالج اور یونیورسٹی آف برٹش کولمبیا سے تعلیم حاصل کر رکھی ہے۔

شہزادی آیاکو نے جاپان کی جوسائی انٹرنیشنل یونیورسٹی سے سوشل سائنس میں ماسٹر کی ڈگری بھی لے رکھی ہے۔

تاہم اب وہ شاہی خاندان کا حصہ نہیں رہیں اور رپورٹس کے مطابق اندازا انہیں شادی کرنے کے بعد 10 کروڑ ڈالر کی رقم بھی دی جائے گی۔

خیال رہے کہ جاپان کے شاہی خاندان کو دنیا کے قدیم ترین شاہی خاندانوں میں شمار کیا جاتا ہے۔

مختلف رپورٹس کے مطابق شہزادی آیاکو کے بعد جاپان کے شاہی خاندان میں صرف 17 فراد بچ جائیں گے، جن میں سے زیادہ تعداد خواتین کی ہے۔

رپورٹس کے مطابق جاپان کے شاہی خاندان میں غیر شادی شدہ صرف ایک مرد 11 سالہ شہزادہ ہساہیتو ہے، جس وجہ سے مستقبل میں شاہی خاندان کو مشکلات پیش آسکتی ہیں۔

شہزادی آیاکو نے اعلیٰ تعلیم بھی حاصل کر رکھی ہے—فوٹو: ہارپر بازار
شہزادی آیاکو نے اعلیٰ تعلیم بھی حاصل کر رکھی ہے—فوٹو: ہارپر بازار

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں