پاکستان دوسرے ون ڈے میں کامیاب، نیوزی لینڈ کو 6وکٹ سے شکست

اپ ڈیٹ 10 نومبر 2018
دوسرے ون ڈے میچ میں فتح کے بعد محمد حفیظ اور شاداب خان ایک دوسرے کو مبارکباد دے رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
دوسرے ون ڈے میچ میں فتح کے بعد محمد حفیظ اور شاداب خان ایک دوسرے کو مبارکباد دے رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے 4 اور حسن علی نے دو وکٹیں حاصل کیں— فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے 4 اور حسن علی نے دو وکٹیں حاصل کیں— فوٹو: اے ایف پی

شاہین آفریدی کی عمدہ باؤلنگ کے بعد فخر زمان اور بابر اعظم کی شاندار بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے نیوزی لینڈ کو دوسرے ون ڈے میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی۔

ابوظہبی میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان کے نوجوان فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے ایک مرتبہ پھر بہترین آغاز کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے کولن منرو کو 14 کے اسکور پر آؤٹ کیا۔

مزید پڑھیں: کیا نیوزی لینڈ نے منصوبہ بندی کے تحت حفیظ کو نشانہ بنایا؟

نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن بدقسمت ثابت ہوئے اور جیارج ورکر کی جانب سے کھیلے گئے شاٹ پر گیند شاہین شاہ آفریدی کے ہاتھ سے لگنے کے بعد وکٹوں سے جا ٹکرائی اور اس موقع پر دوسرے اینڈ پر ولیمسن کریز سے باہر موجود تھے لہٰذا انہیں پویلین لوٹنا پڑا۔

ورکر نے روس ٹیلر کے ہمراہ 46 رنز کی شراکت قائم کی لیکن محمد حفیظ نے 28 رنز بنانے والے اوپننگ بلے باز کی وکٹیں بکھیر کر پویلین واپسی پر مجبور کردیا۔

ابھی نیوزی لینڈ کی ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ دو رنز کے اضافے سے شاہین آفریدی نے ٹام لیتھم کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

73رنز پر 4 وکٹیں گرنے کے بعد روس ٹیلر کا ساتھ دینے ہنری نکولس آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے 75 رنز کی شراکت قائم کر کے ابتدائی نقصان کا کسی حد تک ازالہ کردیا۔

دونوں کھلاڑی باآسانی رنز بناتے جا رہے تھے جس سے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کے ماتھے پر شکنیں واضح طور پر دیکھی جا سکتی تھیں لیکن اس سے قبل کہ یہ شراکت پاکستان کے لیے مزید خطرناک ثابت ہوتی، حسن علی نے نکولس کی وکٹیں بکھیر دیں جنہوں نے 33 رنز بنائے۔

کولن ڈی گرینڈ ہوم پھر ناکامی سے دوچار ہوئے اور صرف 3 رنز بنانے کے بعد شاداب خان کی وکٹ بنے جبکہ ٹم ساؤدھی بھی 13رنز بنا سکے۔

لیکن دوسرے اینڈ سے تجربہ کار روس ٹیلر ڈٹے رہے اور انہوں نے ناقابل شکست 86 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو مکمل تباہی سے بچا لیا۔

نیوزی لینڈ کے سب سے تجربہ کار بلے باز کی عمدہ اننگز کی بدولت مہمان ٹیم نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 209 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کے بلے باز ہنری نکولس کے باؤلڈ ہونے کا منظر— فوٹو: اے ایف پی
نیوزی لینڈ کے بلے باز ہنری نکولس کے باؤلڈ ہونے کا منظر— فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے صرف 38رنز کے عوض 4وکٹیں حاصل کیں جبکہ دو وکٹیں حسن علی کےحصے میں آئیں۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنرز امام الحق اور فخر زمان نے قومی ٹیم کو 12اوورز میں 54رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا لیکن اس موقع پر امام سر پر گیند لگنے کے نتیجے میں ریٹائرڈ ہرٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔

فخر کا ساتھ دینے بابر اعظم آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے 101رنز کی عمدہ شراکت قائم کر کے نیوزی لینڈ کی میچ میں واپسی کے تمام تر راستے بند کردیے۔

اس موقع پر فخر زمان اور بابر یکے بعد دیگرے ایک ہی اوور میں لوکی فرگیوسن کی وکٹ بن گئے، اوپننگ بلے باز نے 88 اور بابر نے 46رنز کی اننگز کھیلی۔

اسکور 177 تک پہنچا ہی تھا کہ شعیب ملک بدقسمتی کی نذر ہو گئے اور ان کی جانب سے کھیلا گیا زور دار شاٹ پر گیند شارٹ لیگ پر کھڑے فیلڈر سے لگنے کے بعد دوسرے فیلڈر کے ہاتھوں میں پہنچ گئی۔

فخر زمان اور بابر اعظم نے 101رنز کی شراکت قائم کر کے پاکستان کی فتح کی راہ ہموار کی— فوٹو: اے ایف پی
فخر زمان اور بابر اعظم نے 101رنز کی شراکت قائم کر کے پاکستان کی فتح کی راہ ہموار کی— فوٹو: اے ایف پی

کپتان سرفراز احمد اور محمد حفیظ نے ٹیم کی ڈبل سنچری مکمل کرائی جس کے بعد اش سودھی کی گیند پر پاکستانی ٹیم کے قائد کی اننگز اختتام پذیر ہوئی جنہوں نے 13رنز بنائے۔

اس کے بعد حفیظ اور شاداب نے مزید کسی نقصان کے بغیر پاکستان کو 57گیندوں قبل ہی ہدف تک رسائی دلا کر 6وکٹ کی فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے لوکی فرگیوسن نے تین اور اش سودھی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

شاہین شاہ آفریدی کو شاندار باؤلنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس میچ میں فتح کے ساتھ ہی پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف فتوحات کے جمود کو توڑتے ہوئے لگاتار 12شکستوں کے سلسلے کا بھی خاتمہ کردیا۔

یہ پاکستانی ٹیم کی نیوزی لینڈ کے خلاف 4سال بعد پہلی فتح ہے اور اس نے آخری مرتبہ ون ڈے کرکٹ میں نیوزی لینڈ کو شارجہ میں 14دسمبر 2014 کو شکست دی تھی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن ون ڈے میچ اتوار کو کھیلا جائے گا۔

تبصرے (1) بند ہیں

Mazhar Nov 10, 2018 08:29am
Pakistan can chase small score