امریکی سائنسدان پر خواتین کو جنسی ہراساں کرنے کا الزام

01 دسمبر 2018
نیل ڈی گریس نے تاحال کوئی بیان نہیں دیا—فوٹو: نیوز ڈاٹ کام
نیل ڈی گریس نے تاحال کوئی بیان نہیں دیا—فوٹو: نیوز ڈاٹ کام

دنیا بھر میں دریافت، سائنس اور ماحول کے حوالے سے سب سے زیادہ مستند اور تحقیقاتی رپورٹس نشر کرنے والے امریکی چینل نیشنل جیوگرافک اور ’فاکس‘ نیوز کے سائنسدان میزبان نیل ڈی گریس ٹائسن کے خلاف خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔

خیال رہے کہ 60 سالہ نیل ڈی گریس ٹائسن فلکی طبیعات کے ماہر ہونے سمیت فلکیات سے متعلق کتابوں کے لکھاری اور سائنسی پروگرامات خصوصی طور پر فلکیات سے متعلق پروگرامات کے میزبان ہیں۔

وہ نہ صرف لکھاری اور میزبان ہیں، بلکہ وہ کچھ سائنسی تحقیقاتی اداروں کے ساتھ بھی منسلک رہے اور اس وقت بھی وہ امریکا کے فلکی طبیعات سے متعلق کام کرنے والے اداروں کے ساتھ منسلک ہیں۔

نیل ڈی گریس ٹائسن دنیا بھر میں دیکھے جانے والے فلکی طبیعات پر مشتمل سائنسی پروگرام ’کاسموس‘ کے میزبان ہیں، یہ پروگرام ابتدائی طور پر امریکی ٹی وی چینل ’فاکس‘ پر نشر کیا گیا۔

اس پروگرام کا پہلا سیزن 2014 میں ’فاکس‘ پر نشر کیا گیا تھا، جب کہ اس کا دوسرا سیزن آئندہ برس ڈسکوری چینل ’نیشنل جیوگرافک‘ پر نشر کیا جائے گا۔

نیل ڈی گریس متعدد سائنسی اداروں میں اعلیٰ عہدوں پر بھی فائز رہے—فوٹو: پیج سکس
نیل ڈی گریس متعدد سائنسی اداروں میں اعلیٰ عہدوں پر بھی فائز رہے—فوٹو: پیج سکس

امریکی خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ (اے پی) نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ایک ویب سائیٹ نے 2 خواتین کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ نیل ڈی گریس ٹائسن نے انہیں جنسی طور پر ہراساں کیا۔

رپورٹ کے مطابق نیل ڈی گریس ٹائسن پر 2 خواتین نے نامناسب انداز میں چھونے اور ان کے ساتھ زبردستی کیے جانے کا دعویٰ کیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خواتین کی جانب سے الزامات لگائے جانے کے بعد ’کاسموس‘ کے پروڈیوسرز نے اپنے بیان میں بتایا کہ وہ فوری طور پر اس حوالے سے کچھ نہیں کہ سکتے، تاہم وہ ان الزامات کی مکمل تحقیقات کرانے کے بعد ہی کچھ کہیں گے۔

ادھر فاکس اور نیشنل جیوگرافک کی انتطامیہ نے بھی فوری طور پر نیل ڈی گریس ٹائسن کے خلاف لگائے جانے والے الزامات پر کوئی بیان یا رد عمل نہیں دیا۔

علاوہ ازیں خود نیل ڈی گریس ٹائسن نے بھی اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کے حوالے سے تاحال کچھ نہیں کہا۔

شوبز ویب سائیٹ ورائٹی نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ نیل ڈی گریس ٹائسن پر الزام لگانے والی امریکی ریاست پنسلوانیا کی بک نیل یونیورسٹی کی ڈاکٹر کیٹالن نے الزام عائد کیا کہ نیل ڈی گریس ٹائسن نے 2009 میں ایک تقریب کے دوران جنسی لذت لینے کے لیے انہیں نامناسب انداز میں چھوا۔

رپورٹ کے مطابق نیل ڈی گریس ٹائسن پر الزام لگانے والی دوسری خاتون ایشلے واٹسن نے دعویٰ کیا کہ نیل ڈی گریس ان کے ساتھ نامناسب انداز اور رویے کے ساتھ پیش آتے تھے، جس وجہ سے انہوں نے ان کی اسسٹنٹ کی ملازمت چھوڑی۔

تبصرے (0) بند ہیں