ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ: بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر دفتر خارجہ طلب

اپ ڈیٹ 01 جنوری 2019
ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل—فائل فوٹو
ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل—فائل فوٹو

اسلام آباد: دفتر خارجہ نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ پر قائم مقام بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر گوروو اہلووالیا کو طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کرایا گیا اور واقعے کی شدید مذمت کی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز بھارتی فوج نے آزاد کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کی تھی، جس کے نتیجے میں 27 سالہ خاتون جاں بحق اور 2 پولیس اہلکاروں سمیت 9 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

مزید پڑھیں: بلا اشتعال فائرنگ، پاکستان کا بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر سے احتجاج

اس پر ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے فائرنگ کے واقعے پر شدید مذمت کی اور بھارتی فوج کی جانب سے 2003 کے جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کو ’خطے کے امن و سلامتی کے لیے خطرہ‘ قرار دیا۔

ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ 2018 میں بھارتی فورسز نے ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر 2 ہزار 350 مرتبہ سے زائد جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی، جس کے نتیجے میں 36 شہری جاں بحق جبکہ 142 افراد زخمی ہوئے۔

بیان میں کہا گیا کہ سال 2017 میں بھارتی فوج نے ایک ہزار 9سو 70 مرتبہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: ایل او سی: بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ، 8 سالہ بچہ شدید زخمی

انہوں نے کہا کہ ’جان بوجھ کر شہری آبادی والے علاقوں کو نشانہ بنانا یقیناً قابل مذمت، انسانی وقار کے منافی اور بین الاقوامی انسانی حقوق اور قوانین کی خلاف ورزی ہے‘۔

ڈاکٹر محمد فیصل نے بھارت پر زور دیا کہ وہ جنگ بندی معاہدے پر ’من و عن‘ عمل کرے اور سرحد پار فائرنگ کے واقعات کی تحقیقات کرے۔

تبصرے (0) بند ہیں