بلوچستان کے ضلع لورالائی میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کے ٹریننگ سینٹر میں رہائشی اور انتظامی کمپاؤنڈ پر حملے کی کوشش کے دوران دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے نتیجے میں 4 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی اہکاروں نے چاروں دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی اہلکاروں نے دہشت گردوں کو ‘ٹریننگ سینٹر کے رہائشی اور انتظامی کمپاؤنڈ’ کے دروازے پر ہی روک دیا اور اندر گھسنے کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔

دہشت گردوں نے کمپاؤنڈ میں داخلے میں ناکامی کے بعد اندھا دھند فائرنگ شروع کردی اور چیک پوسٹ سے متصل ایک کمپاؤنڈ میں داخل ہوگئے جس کو سیکیورٹی فورسز نے فوری طور پر گھیرے میں لے لیا۔

چیک پوسٹ میں فائرنگ کے تبادلے میں 4 سیکیورٹی اہلکار شہید اور2 زخمی ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کو قابو کرنے کے لیے کمپاؤنڈ کے اندر کارروائی کی جس کے نتیجے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ایک حملہ آور خود کش بمبار تھا جس نے آپریشن کے آخری مرحلے میں خود کو اڑا دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے بیان میں مزید کہا گیا کہ ‘سیکیورٹی فورسز کی بروقت بہادرانہ کارروائی کے نتیجے میں دہشت گرد رہائشی علاقے میں داخل نہ ہوپائے جس سے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا تھا’۔

شہید اہلکاروں کی شناخت صوبیدار میجر منور، حوالدار اقبال خان، حوالدار بلال اور سپاہی نقشب کے نام سے ہوئی۔

تبصرے (0) بند ہیں