اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ طلب کر کے بھارتی فورسز کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے باگسر سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ پر شدید احتجاج کیا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل کے مطابق 7 جنوری کو کنٹرول لائن پر باگسر سیکٹر میں بھارتی فوج کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں شہری عظیم شہید جبکہ ایک خاتون زخمی ہوئی تھیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو طلب کر کے بھارتی فورسز کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ پر احتجاجی مراسلہ ان کے حوالے کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ صبر و تحمل کے مطالبے کے باوجود بھارت کی طرف سے جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ سیز فائر کی خلاف ورزیاں علاقائی امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہیں اور تذویراتی غلط فہمیوں کا باعث بن سکتی ہیں۔

مزید پڑھیں: بلا اشتعال فائرنگ، پاکستان کا بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر سے احتجاج

انہوں نے کہا کہ بھارت نے رواں سال کے ابتدائی دو ماہ کے دوران اب تک کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر جنگ بندی کی 900 سے زائد خلاف ورزیاں کی ہیں، جن میں درجنوں بےگناہ شہری شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔

ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ بےگناہ شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا ایک گھناﺅنا، انسانی وقار اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے منافی اقدام ہے۔

انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ سیز فائر معاہدے کی پاسداری کرے اور اپنی فورسز کو سیز فائر معاہدے کی پاسداری کا پابند بنائے۔

تبصرے (0) بند ہیں