سپریم کورٹ: جناح ہسپتال کا انتظام وفاق کے پاس رکھنے کا حکم، سندھ حکومت کی درخواست مسترد

16 جنوری 2019
18ویں ترمیم کے بعد قومی وزارت صحت ختم ہوگئی ہے—فوٹو بشکریہ فیس بک
18ویں ترمیم کے بعد قومی وزارت صحت ختم ہوگئی ہے—فوٹو بشکریہ فیس بک

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے 18ویں ترمیم سے متعلق سندھ حکومت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے جناح ہسپتال کراچی کا کنٹرول وفاقی حکومت کے پاس ہی رکھنے کا حکم دے دیا۔

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی خصوصی بینچ نے 18ویں ترمیم کے تحت صوبوں کو اختیارات کی منتقلی سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

سماعت میں مختصر حکم نامہ چیف جسٹس نے پڑھ کر سنایا جبکہ فیصلے کی وجوہات سپریم کورٹ کی جانب سے جاری کردہ تفصیلی فیصلے میں فراہم کی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: پارلیمنٹ میں 18ویں آئینی ترمیم پر بحث نہیں ہوئی، چیف جسٹس

واضح رہے کہ سندھ حکومت نے عدالت میں 18 ویں ترمیم کے حوالے سے صوبائی اختیارات سے متعلق درخواست دائر کر رکھی تھی۔

اس سلسلے میں ہونے والی گزشتہ سماعت میں چیف جسٹس نے ریمارکس دیے تھے کہ ؤ دنیا بھر میں آئین میں ترمیم کرنے سے پہلے بحث ہوتی ہے جو آئین کی تشریح کے لیے اہم ہوتی ہے، لیکن پارلیمنٹ میں 18ویں ترمیم پر بحث نہیں ہوئی۔

اس موقع پر رضا ربانی نے کہا تھا کہ یہ درست ہے 18ویں ترمیم پر پارلیمنٹ میں سیر حاصل بحث نہیں ہوئی، تاہم ترمیم کا مسودہ بنانے میں نو ماہ لگے تھے۔

سماعت میں جسٹس اعجاز الاحسن کا کہنا تھا کہ یہ فرض کر لیا گیا کہ چونکہ صحت صوبوں کو منتقل ہوگئی ہے اس لیے تمام ادارے بھی منتقل ہو گئے ہیں۔

مزید پڑھیں: ’18ویں ترمیم کی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے‘

وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے ذریعے صحت کی وزارت ختم ہوگئی تھی، جبکہ ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ سندھ ہائی کورٹ نے ہسپتالوں کی منتقلی کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے جناح ہسپتال کو وفاق کے تحت کام جاری رکھنے کا حکم دیا تھا۔

چیف جسٹس ثاقب نثار نےریمارکس دیے تھے کہ عمارت صوبے میں ہونے کا مطلب نہیں کہ صوبوں کو منتقل ہو جائے گی، قانون سازی کے لیے پارلیمان سپریم ادارہ ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دنیا بھر میں آئینی ترمیم سے پہلے بحث ہوتی ہے کیونکہ وہ آئین کی تشریح کے لیے اہم ہوتی ہے، پارلیمنٹ میں 18ویں ترمیم پر بحث نہیں ہوئی، ہمارے ملک میں بغیر بحث کے ترمیم کیسے منظور ہوتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: نئی پارلیمنٹ سے 18ویں ترمیم میں تبدیلیاں کروائی جاسکتی ہیں، رضا ربانی

چیف جسٹس نے مزید ریمارکس دیے تھے کہ وفاق پر صوبوں یا شہر میں ہسپتال بنانے اور سہولیات کی فراہمی پر پابندی نہیں، صوبے اگر لوگوں کو طبی سہولت نہ دے سکیں تو وفاقی حکومت ہسپتال تعمیر کرے، یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ وفاقی حکومت ہسپتال بنا کر تباہ و برباد کرنے کے لیے صوبے کے حوالے کر دے۔

تبصرے (0) بند ہیں