کرکٹ کی عالمی تنظیم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ آف دی ایئر کا اعلان کردیا اور دونوں ہی ٹیموں کا کپتان ویرات کوہلی کو مقرر کیا گیا جبکہ پاکستان کی جانب سے صرف محمد عباس واحد کھلاڑی ہیں، جو ٹیسٹ ٹیم میں اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ٹیسٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی ہیں جبکہ پاکستان کے محمد عباس بھی اس میں شامل ہیں۔

دیگر کھلاڑیوں میں بھارت کے رشبھ بینٹ اور جسپریت بمرا، نیوزی لینڈ کے ٹام لیتھ، کین ولیمسن اور ہینری نکولس، سری لنکا کے دیمتھ کرونارتنے، ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر، جنوبی افریقہ کے کیجی ربادا اور آسٹریلیا کے نیتھ لیون شامل ہیں۔

علاوہ ازیں آئی سی سی کی جانب سے ون ڈے ٹیم آف دی ایئر کا اعلان بھی کیا گیا، جس میں کوئی بھی پاکستانی جگہ بنانے میں کامیاب نہیں ہوسکا۔

مزید پڑھیں: ثنا میر سال کی بہترین ون ڈے ٹیم میں شامل

ون ڈے ٹیم آف دی ایئر کے کپتان بھی بھارت کے ویرات کوہلی ہی ہیں جبکہ ان کے ہم وطن روہیت شرما، کلدیپ یادیو، جسپریت بمرا بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔

دیگر کھلاڑیوں میں انگلینڈ کے جونی بیئرسٹو، جو روٹ، جوس بٹلر، بین اسٹوکس، نیوزی لینڈ کے روس ٹیلر، بنگلہ دیش کے مستفیض الرحمٰن اور افغانستان کے راشد خان شامل ہیں۔

سال کی بہترین ٹیسٹ اور ون ڈے ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ انہیں سال کی بہترین ٹیموں میں کپتان بنائے جانے پر خوشی ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’یہ سال میرے لیے بہترین رہا ہے، میں نے ہمیشہ ہی اپنا روایتی اور بہتر کھیل پیش کرنے کی کوشش کی، جس کے نتائج میری آنکھوں کے سامنے ہیں‘۔

یہ بھی پڑھیں: ون ڈے کے بعد ٹی 20 کو بھی خطرہ؟

انگلینڈ کے کپتان جو روٹ کا کہنا تھا کہ سال کی بہترین ون ڈے ٹیم میں انہیں شامل کیا گیا جو ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ 'میرے ساتھ میری ٹیم کے مزید 3 کھلاڑی ون ڈے ٹیم آف دی ایئر میں شامل ہیں، جو اس اعزاز کو مزید خاص بناتا ہے'۔

نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے بھی اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے اپنے اور اپنے ساتھیوں کے نام ٹیسٹ اور ون ڈے ٹیم آف دی ایئر میں شامل ہونے کو اعزاز قرار دے دیا۔

خیال رہے کہ رواں ماہ ہی خواتین کی سال کی بہترین ون ڈے ٹیم کا اعلان کیا گیا جس میں پاکستان کی آل راؤنڈر ثنا میر کو شامل کیا گیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں