حکومت متوسط طبقے کو فوری ریلیف دینے میں ناکام، فواد چوہدری کا اعتراف

اپ ڈیٹ 08 فروری 2019
اخراجات سے زائد آمدن ہوجائے گی تو ملکی معیشت کی بنیاد مضبوط ہوجائے گی، وفاقی وزیر— فوٹو: ڈان نیوز
اخراجات سے زائد آمدن ہوجائے گی تو ملکی معیشت کی بنیاد مضبوط ہوجائے گی، وفاقی وزیر— فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے اعتراف کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت اسے اقتدا میں لانے والے متوسط طبقے کو فوری ریلیف فراہم کرنے میں ناکام ہوگئی ہے۔

اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ان کے ہاتھ معاشی مسائل کی وجہ سے بندھے ہوئے ہیں اور یہ مسائل انہیں سابقہ حکومت سے ورثے میں ملے۔

انہوں نے بتایا کہ ان کی جماعت کے اقتدار میں آنے کے بعد پاکستان کی کل آمدن 5 ہزار 6 سو 47 ارب روپے ہے، جبکہ اس میں 2 ہزار ارب روپے حکومت کو لیے گئے قرض پر سود کی مد میں ادا کرنے ہوتے ہیں۔

مزید پڑھیں: حکومت پاکستان نے کیا قومی مٹھائی کا اعلان

ان کا کہنا تھا کہ یہ تمام قرضے گزشتہ 10 سال کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے دوران لیے گئے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ہم اپنی ملکی معیشت کی بنیادوں کو بہتر کرنا چاہتے ہیں اور یہ تب ہوگا جب آمدن، اخراجات سے تجاوز کر جائے گی۔

انہوں نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ملک کی موجودہ آمدنی تقریباً 55 کھرب روپے ہے جس میں 20 کھرب قرضوں کی ادائیگی میں، 17 کھر روپے دفاقی بجٹ اور پھر اس کے بعد ہی 10 روپے میں 6 روپے صوبوں کو چلے جاتے ہیں، لہٰذا جب وفاقی حکومت اپنا سالانہ بجٹ بناتی ہے تو وہ پہلے ہی 6 سو 32 ارب روپے کے خسارے میں ہوتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کا پی ٹی وی کو بند کرنے کا عندیہ

وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ معیشت ہمیں ورثے میں ملی ہے، تاہم ہمیں سب سے زیادہ افسوس اس بات پر ہے کہ ہم متوسط طبقے کو فوری ریلیف فراہم نہیں کر سکے جنہوں نے ہمیں ووٹ دیا۔

انہوں نے کہا کہ تنخواہ دار طبقے کو ٹیکسز سے چھوٹ دی گئی تاہم ان کے لیے گیس اور بجلی کے نرخ میں اضافہ ہوا۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہم نے نچلے طبقے کے لوگوں کو پناہ تو دی لیکن متوسط طبقہ ابھی بھی کرب میں ہے اور یہ سب اس وجہ سے ہے کیونکہ حکومت کے پاس پیسوں کی کمی ہے۔

مزید پڑھیں: تحریک انصاف کی حکومت کے پہلے 100 روز میں عوام کیلئے ریلیف نہیں

اپنے خطاب کے دوران انہوں نے 2014 میں تحریک انصاف کے 126 روزہ دھرنے کا دفاع کیا اور عمران خان کے کام کو ایک معجزہ قرار دیا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس ملک میں دو جماعتی نظام کو توڑنا ایک بہت بڑا چلینج تھا، اسے ختم کرکے نہ صرف عمران خان نے معجزہ کر دکھایا بلکہ تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی جماعت بھی بن گئی۔

تبصرے (0) بند ہیں