کلاسک ڈرامے ’اندھیرا اجالا‘ کا سیکوئل تیار

09 فروری 2019
اندھیرا اجالا کے سیکوئل کی شوٹنگ شروع کردی گئی—اسکرین شاٹ
اندھیرا اجالا کے سیکوئل کی شوٹنگ شروع کردی گئی—اسکرین شاٹ

پاکستان کے ڈرامے نہ صرف ملکی عوام بلکہ دنیا بھر میں شہرت رکھتےہیں اور ایسے درجنوں ڈرامے ہیں جنہیں شائقین 4 دہائیاں گزر جانے کے باوجود نہیں بھلا پائے۔

پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پر نشر ہونے والے درجنوں کلاسک اور شاندار ڈراموں میں ’اندھیرا اجالا‘ ڈرامہ بھی ایک تھا، جسے آج تک شائقین نہیں بھلا پائے۔

اندھیرا اجالا کو 1980 کے بعد پی ٹی وی پر نشر کیا گیا تھا اور کئی سال تک عوام اس ڈرامے کے سحر میں ڈوبے رہے۔

اگرچہ پاکستان میں اب فلموں کے سیکوئل بھی بنائے جانے لگے ہیں، تاہم جلد ہی ڈراموں کے شوقین افراد کلاس ڈرامے ’اندھیرا اجالا‘ کا بھی سیکوئل دیکھ سکیں گے۔

جی ہاں، ڈرامے کے شائقین افراد کے لیے خوشخبری ہے کہ ’اندھیرا اجالا‘ کا سیکوئل تیاری کے مراحل میں ہے، جسے جلد پی ٹی وی سمیت ایک اور نجی ٹی وی چینل پر نشر کیا جائے گا۔

اندھیرا اجالا کے سیکوئل میں کام کرنے والے اداکار ایاز سمیع نے بتایا کہ وہ پرانے ڈرامے کے ریمیک میں نہیں بلکہ سیکوئل میں کام کر رہے ہیں اور جلد ہی اس کو پیش کیا جائے گا۔

انہوں نے وضاحت کی کہ نئے ڈرامے میں کچھ پرانے ڈرامے کے اداکاروں کو بھی کاسٹ کیا جائے گا، تاہم اس میں نئے اداکار بھی جلوے دکھاتے نظر آئیں گے۔

ان کے مطابق اندھیرا اجالا کے سیکوئل میں عرفان کھوسٹ سمیت دیگر کچھ پرانے اداکاروں کو بھی کاسٹ کیا گیا ہے۔

ڈرامے کو جلد ریلیز کرنے کا اعلان کردیا جائے گا
ڈرامے کو جلد ریلیز کرنے کا اعلان کردیا جائے گا

ایاز سمیع کا کہنا تھا کہ ڈرامے میں دانش تیمور ایس ایس پی جاسم کا کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے جب کہ ان کے ایس ایچ او نادر کا کردار راشد فاروقی ادا کرتے دکھائی دیں گے۔

انہوں نے اپنے کردار کے حوالے سے بتایا کہ وہ اے ایس آئی دلدار خان کے کردار میں نظر آئیں گے جو پٹھان ہوتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پرانے ڈرامے کی طرح سیکوئل کی بھی ہر قسط میں نئے کرداروں اور اداکاروں کو شامل کیا جائے گا۔

اندھیرا اجالا کے سیکوئل کی ہدایات عامر یوسف دیں گے اور اسے پی ٹی وی سمیت ایک اور نجی چینل پر بھی نشر کیا جائے گا۔

اگرچہ ڈرامے کی ٹیم نے اسے ریلیز کرنے کا اعلان نہیں کیا تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ جلد ہی اس ڈرامے کو ریلیز کرنے کا اعلان کیا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں