جنوبی افریقہ سے شکست کے باوجود پاکستانی کھلاڑیوں کی رینکنگ بہتر

اپ ڈیٹ 15 فروری 2019
پاکستان بدستور پہلی پوزیشن پر برقرار — فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان بدستور پہلی پوزیشن پر برقرار — فائل فوٹو: اے ایف پی

حال ہی میں جنوبی افریقہ سے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شکست کے باوجود قومی ٹیم اور کھلاڑیوں کی رینکنگ بہتر رہی۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری ہونے والی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ کے مطابق پاکستان اب بھی 135 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہے۔

فہرست میں 124 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر بھارت جبکہ 1-2 سے پاکستان کو شکست دینے والی جنوبی افریقہ تیسرے اور انگلینڈ چوتھے نمبر پر ہے۔

تقریباً تین سال بعد پہلی مرتبہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شکست کھانے والی پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں کی رینکنگ میں بھی بہتری آئی ہے۔

نوجوان کھلاڑی بابر اعظم بدستور سرفہرست بیٹسمین ہیں جبکہ نیوزی لینڈ کے کولن منرو ایک درجہ ترقی پاکر دوسرے نمبر آگئے اور آسٹریلیا کے ایرون فنچ تیسرے نمبر پر چلے گئے۔

پاکستان کے فخر زمان چھٹے نمبر پر موجود ہے جبکہ ابتدائی 25 کھلاڑیوں میں تیسرا کوئی پاکستانی بیٹسمین شامل نہیں ہے، تاہم جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں 98 رنز بنانے والے حسین طلعت اپنے کیریئر کی بہترین پوزیشن 56ویں نمبر پر آگئے۔

اسی طرح باؤلنگ کے شعبے میں عماد وسیم 5 درجے ترقی پاکر چوتھی پوزیشن پر آگئے جبکہ فاسٹ باؤلنگ کے شعبے میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے شاہین شاہ آفریدی 28 درجے ترقی پاکر 48ویں نمبر پر آگئے۔

افغانستان کے راشد خان پہلے نمبر پر موجود ہیں جبکہ پاکستانی اسپنر شاداب خان تیسرے نمبر پر چلے گئے اور ان کی دوسرے نمبر کی پوزیشن بھارت کے کلدیپ یادیو نے لے لی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں