پی ایس ایل: واٹسن اور روسو کی نصف سنچریاں، گلیڈی ایٹرز 8 وکٹوں سے کامیاب

اپ ڈیٹ 21 فروری 2019
شین واٹسن اور ریلی روسو نے شاندار نصف سنچری اسکور کی — فوٹو: پی ایس ایل
شین واٹسن اور ریلی روسو نے شاندار نصف سنچری اسکور کی — فوٹو: پی ایس ایل

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز کو شین واٹسن اور ریلی روسو کی شاندار نصف سنچریوں کی مدد سے 8 وکٹوں سے باآسانی شکست دے دی۔

شارجہ کرکٹ گراؤنڈ میں جاری اس میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

ملتان سلطانز کے جیمز وینس نے برق رفتار 28 رنز بناتے ہوئے شان مسعود کے ساتھ ٹیم کو 34 رنز کا آغاز فراہم کیا۔

جیمز وینس 34 کے مجموعے پر محمد نواز کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے، جس کے بعد شان مسعود 18 رنز بنانے کے بعد 54 کے اسکور پر پویلین لوٹ گئے جنہیں فواد احمد نے اسٹمپ آؤٹ کروایا۔

جب 64 کے مجموعے پر لوری ایوینس رن آؤٹ ہوئے تو ایک مرتبہ پھر ملتان سلطانز کے کپتان شعیب ملک مرد میدان بن کر سامنے آئے اور ڈینیئل کرسچن کے ساتھ مل کر ٹیم کو 73 رنز کی اہم پارٹنر شپ قائم کی۔

شعیب ملک نے 37 گیندوں پر 2 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 53 رنز کی اننگز کھیلی اور 137 کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے ۔

کپتان کے بعد ملتان سلطانز کو ڈینیئل کرسچن اور آندرے رسل نے 18، 18 رنز بنا کر 160 رنز تک پہنچایا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد عرفان اور غلام مدثر نے 2، 2 جبکہ محمد نواز، فواد احمد اور سہیل تنویر نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں شین واٹسن آغاز سے ہی سلطانز کے باؤلرز کو نشانہ بناتے رہے اور ابتدائی 10 اوورز میں اپنی نصف سنچری مکمل کرتے ہوئے ٹیم کو 89 تک پہنچادیا۔

شین واٹسن 95 کے مجموعے پر 61 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو جنوبی افریقی ریلی روسو نے گلیڈی ایٹرز کی کمان سنبھالی اور اسی رفتار کے ساتھ رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا۔

ریلی روسو نے ایک چھکے اور 10 چوکوں کی مدد سے قابل شکست 67 رنز بنائے اور ٹیم کو 19ویں اوور میں فتح سے ہمکنار کیا۔

خیال رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اب تک ایونٹ میں ناقابلِ شکست ہے اور پوائنٹس ٹیبل پر بدستور پہلی پوزیشن پر موجود ہے۔

ٹاس کے موقع پر سرفراز احمد نے کہا تھا کہ یہ وکٹ بیٹنگ کے لیے ساز گار ہے جبکہ ہدف کے تعاقب کے لیے بہترین ہے۔

ملتان سلطانز کے کپتان شعیب ملک کا کہنا تھا کہ اگر وہ یہاں ٹاس جیت جاتے تو پہلے بیٹنگ ہی کرتے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اب تک ایونٹ میں 2 میچز کھیلے ہیں اور دونوں میں کامیابی حاصل کی جبکہ ملتان سلطانز اپنے 2 میچوں میں سے ایک میں کامیاب اور ایک میں ناکام رہی۔

تبصرے (0) بند ہیں