اقوام متحدہ کا پاکستان اور بھارت سے کشیدگی میں کمی کا مطالبہ

21 فروری 2019
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے ’ثالثی‘ کا کردار ادا کرنے کی پیشکش بھی کی تھی — فائل فوٹو
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے ’ثالثی‘ کا کردار ادا کرنے کی پیشکش بھی کی تھی — فائل فوٹو

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گیوتیرس نے پاکستان اوربھارت کو بامعنی باہمی کوششوں کے ذریعے اپنے اختلافات حل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

سرکاری خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق انتونیو گیوتیرس نے اپنے بیان میں ایک مرتبہ پھر پلوامہ حملےکی مذمت کی اور کہا کہ حملے کے ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے میں لانا چاہیے۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں اضافے کے بعد سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی جانب سے دوسرا بیان سامنے آیا ہے۔

مزید پڑھیں: اقوام متحدہ کی پاک-بھارت کشیدگی کم کرنے کیلئے ثالثی کی پیشکش

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفین ڈیوجارک نے 2 روز قبل میڈیا بریفنگ کے دوران ایک سوال کے جواب میں کہا تھا کہ ’سیکریٹری جنرل نے دونوں ممالک کو زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرے کرنے اور کشیدگی کم کرنے کے فوری اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا‘۔

انہوں نے بتایا تھا کہ انتونیو گیوتیرس نے مزید کہا کہ اگر دونوں ممالک کو قبول ہو تو وہ ثالت کا کردار ادا کرنے کے لیے بھی تیار ہیں۔

واضح رہے کہ ماضی میں پاکستان نے اقوام متحدہ کے سربراہ کی اس طرح کی پیش کش کو قبول کیا تھا لیکن بھارت اس میں شامل ہونے سے گریز کررہا تھا اور وہ اس مسئلے کو دوطرفہ تنازع قرار دیتا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان نے بھارت کے زیر تسلط کشمیر کے علاقے پلوامہ میں حملے کے بعد بھارت کی جانب سے الزام تراشیوں اور دھمکیوں کے بعد اقوام متحدہ سے مداخلت کا مطالبہ کیا تھا۔

واضح رہے کہ 14 فروری کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے پلوامہ میں کار بم دھماکے کے نتیجے میں 44 بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے تھے جس کے بعد نئی دہلی نے کسی بھی طرح کی تحقیقات کیے بغیر اس کا الزام پاکستان پر عائد کردیا تھا جسے اسلام آباد نے مسترد کیا۔

تبصرے (0) بند ہیں