سام سنگ کا پہلا فولڈ ایبل اسمارٹ فون کیسے کام کرتا ہے؟

26 فروری 2019
سام سنگ گلیکسی فولڈ — فوٹو بشکریہ سام سنگ
سام سنگ گلیکسی فولڈ — فوٹو بشکریہ سام سنگ

سام سنگ نے گزشتہ ہفتے اپنا پہلا فولڈ ایبل فون گلیکسی فولڈ متعارف کرایا تھا مگر اس کے فیچرز اور تفصیلات بتانے سے گریز کیا تھا۔

اب اس کمپنی نے لگ بھگ 2 ہزار ڈالرز کے اس فون کی تفصیلی جھلک ایک ویڈیو میں پیش کی ہے۔

اس ویڈیو میں گلیکسی فولڈ کے فیچرز کو دکھایا گیا ہے اور بتایا گیا کہ کیسے ایپس جیسے گوگل میپس بڑے ڈسپلے سے روایتی اسمارٹ فون اسکرین میں منتقل ہوتی ہیں۔

یہ فون انفنٹی فلیکس اسکرین کے ساتھ ہے اور بند ہونے پر یا فون کی شکل میں اس کا ڈسپلے 4.6 انچ جبکہ کھلنے پر 7.3 انچ کا ہوجاتا ہے۔

ویڈیو میں دکھایا گیا کہ یہ فون کتنی آسانی سے فولڈ اور ان فولڈ ہوجاتا ہے جبکہ ویڈیو کالنگ، گیمنگ، فلم دیکھنے اور تصاویر کے دوران اسکرین کوالٹی کیا ہوتی ہے۔

یہ فون صارفین کو زیادہ بڑی اور پورٹ ایبل اسکرین فراہمی کے لیے تیار کیا گیا ہے۔

اس فون کو وائرلیس چارج کیا جاسکتا ہے جبکہ دیگر ڈیوائسز کو بھی اس پر رکھ کر چارج کرنا ممکن ہے۔

اس میں اسمارٹ فونز کے متعدد فیچرز موجود ہیں جیسے فنگر پرنٹ اسکینر جبکہ مجموعی طور پر 6 کیمرے دیئے گئے ہیں، تین بیک پر، 2 اندرونی اسکرین جبکہ ایک ڈیوائس کے فرنٹ پر۔

اس میں 4380 ایم اے ایچ بیٹری بھی دی گئی ہے جو سام سنگ کے کسی بھی فون میں سب سے زیادہ طاقت کی ہے۔

یہ فون 26 اپریل سے دنیا کے مختلف ممالک میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا اور یہ اس کمپنی کی تاریخ کا مہنگا ترین فون بھی ہے۔

اس کی قیمت 1980 ڈالرز (2 لاکھ 75 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) سے شروع ہوگی، یعنی اس فون کا مہنگا ورژن بھی صارفین کے لیے پیش کیا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں