افغانستان نے بھارت میں برآمدات کیلئے نیا راستہ اختیار کرلیا

اپ ڈیٹ 26 فروری 2019
مستعمل اشیا بھارت کے شہر ممبئی جائیں گے — اے ایف پی/فائل فوٹو
مستعمل اشیا بھارت کے شہر ممبئی جائیں گے — اے ایف پی/فائل فوٹو

کابل: زمینی راستوں سے گھرے جنگ زدہ علاقے افغانستان نے اپنی معیشت کو بہتر بنانے کے لیے ایرانی پورٹ کے ذریعے بھارت میں بر آمدات کے سلسلے کا آغاز کردیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ 57 ٹن خشک میوہ جات، ٹیکسٹائل، کارپیٹ اور معدنی مصنوعات پر مشتمل 23 ٹرک مغربی افغانستان کے شہر زرنج سے ایران کے چابہار پورٹ کے لیے روانہ ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ اشیا بھارت کے شہر ممبئی جائیں گی۔

مزید پڑھیں: بھارت کا براستہ ایران چاہ بہار افغانستان سے تجارت کاآغاز

نئے بر آمداتی راستے کے افتتاح پر افغان صدر اشرف غنی کا کہنا تھا کہ افغانستان اپنی بر آمدات میں آہستہ آہستہ اضافہ کر رہا ہے تاکہ اس کا تجارتی خسارہ کم کیا جاسکے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’چابہار پورٹ بھارت، ایران اور افغانستان کے درمیان تعاون کا نتیجہ ہے اور اس سے یقینی معاشی ترقی سامنے آئے گی‘۔

واضح رہے کہ ایرانی پورٹ کے ذریعے افغانستان کو سمندر تک آسان رسائی ملی ہے اور بھارت نے اس راستے کو قائم کرنے میں مدد فراہم کی جس سے دونوں ممالک کو پاکستان سے ہٹ کر تجارتی سرگرمیاں کرنے کی رسائی حاصل ہوتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت اور افغانستان سمیت 5 وسط ایشائی ممالک کے درمیان اہم مذاکرات

گزشتہ سال امریکی حکومت نے چند پابندیوں سے استثنیٰ دیتے ہوئے افغانستان کی معیشت کو بہتر بنانے اور پابندی کا سامنا نہ کرنے والے اشیا کی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے چابہار پورٹ کو نیا ٹرانسپورٹیشن کوریڈور بنانے کی اجازت دی تھی۔

دوسری طرف بھارت کی جانب سے 11 لاکھ ٹن گندم اور 2 ہزار ٹن دالیں افغانستان کو چابہار کے ذریعے بھیجی جاچکی ہیں۔

دونوں ممالک نے 2017 میں فضائی کوریڈور قائم کیا تھا۔

2018 میں افغانستان کی بھارت کو بر آمدات 74 کروڑ ڈالر رہی تھی۔


یہ خبر ڈان اخبار میں 26 فروری 2019 کو شائع ہوئی

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں