ایل او سی پر بھارت کی بلااشتعال فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے، آئی ایس پی آر

04 مارچ 2019
مادر وطن کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جان کی قربانی دینے والے نائیک خرم کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا — فوٹو: آئی ایس پی آر
مادر وطن کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جان کی قربانی دینے والے نائیک خرم کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا — فوٹو: آئی ایس پی آر

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی صورتحال کی اپ ڈیٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج کی جانب سے نیزہ پیر، پانڈو، خنجر منور، بَٹل اور بگھسار سیکٹرز میں بلااشتعال فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق بھارت کی بلااشتعال فائرنگ سے گزشتہ 24 گھنٹے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

بیان میں کہا گیا کہ پاک فوج کی جانب سے بھارت کی اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا جارہا ہے اور بھارتی پوسٹوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔

پاکستانی مسلح افواج کشیدگی کے باعث الرٹ اور چوکس ہے۔

دوسری جانب ہفتہ کو ایل او سی پر بھارتی پوسٹوں سے بلااشتعال فائرنگ کا جواب دیتے ہوئے شہید ہونے والے نائیک خرم کی نماز جنازہ ڈیرہ غازی خان میں ادا کردی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: پاک بھارت کشیدگی میں اسرائیل کا بھی ہاتھ ہے

مادر وطن کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جان کی قربانی دینے والے نائیک خرم کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔

ہفتہ کو بھارت کی اشتعال انگیزی کے واقعے میں حوالدار عبدالرب بھی شہید ہوئے تھے۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا تھا کہ بھارت کی بلااشتعال فائرنگ میں حوالدار عبدالرب اور نائیک خرم کے علاوہ 2 شہری بھی جاں بحق ہوئے تھے۔

گزشتہ روز بیان میں کہا گیا تھا کہ یکم اور 2 مارچ کی رات کو بھارت کی جانب سے شدید فائرنگ کے بعد جارحیت میں کچھ کمی آئی تھی، تاہم اس سے پچھلی رات کو بھارت نے نیزہ پیر، جندروٹ اور بگھسار سیکٹرز میں بلااشتعال فائرنگ کی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں