خاتون سپر ہیرو فلم نے تاریخ رقم کردی

فلم 8 مارچ کو ریلیز کی گئی تھی—اسکرین شاٹ
فلم 8 مارچ کو ریلیز کی گئی تھی—اسکرین شاٹ

ہولی وڈ میں کئی دہائیوں سے سپر ہیرو سائنس فکشن فلموں کا راج تو جاری تھا، تاہم اب پہلی بار ایک خاتون سپر ہیرو فلم نے مرد سپر ہیرو کی فلموں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔

مارول اسٹوڈیوز کی پہلی خاتون سپر ہیرو فلم ‘کیپٹن مارول’ کو دنیا بھر میں عالمی یوم خواتین پر ریلیز کیا گیا تھا اور اس نے اندازوں سے کہیں زیادہ کمائی کرکے سب کو حیران کردیا۔

’کیپٹن مارول‘ کی ریکارڈ توڑ کمائی کی پیش گوئیاں پہلے ہی کی جا رہی تھیں، تاہم کسی کو اندازہ نہیں تھا کہ فلم محض تین دن کے اندر دنیا بھر سے لگ بھگ 45 کروڑ امریکی ڈالر کمانے میں کامیاب جائے گی۔

جی ہاں، کیپٹن مارول نے دنیا بھر سے ابتدائی 3 دن میں 44 کروڑ 50 لاکھ امریکی ڈالر یعنی پاکستانی 62 ارب روپے سے زائد کی کمائی کرکے ایک نیا اعزاز اپنے نام کرلیا۔

بری لارسن کی اداکاری کو بھی سراہا جا رہا ہے—اسکرین شاٹ
بری لارسن کی اداکاری کو بھی سراہا جا رہا ہے—اسکرین شاٹ

خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ (اے پی) کے مطابق ’کیپٹن مارول‘ نے جہاں دنیا بھر سے 44 کروڑ ڈالر سے زائد کی رقم بٹوری، وہیں فلم نے مقامی باکس آفس پر بھی نیا ریکارڈ بنا ڈالا۔

’کیپٹن مارول’ کو جہاں پہلی خاتون سپر ہیرو فلم کا اعزاز حاصل ہے، وہیں اس فلم نے مقامی باکس آفس سے 15 کروڑ 30 لاکھ ڈالر یعنی پاکستانی 21 ارب روپے سے زائد کی رقم بٹوری۔

ریکارڈ کمائی کے ساتھ ہی ’کیپٹن مارول‘ اب تک کی خواتین کے مرکزی کردار پر مبنی سب سے زیادہ پیسے کمانے والی فلم بھی بن گئی۔

’کیپٹن مارول‘ کی ابتدائی تین دن کی کمائی کئی مرد سپر ہیرو فلموں سے زیادہ ہے، جب کہ ریکارڈ کمائی کے ساتھ ہی یہ فلم اب تک کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی پہلی 6 فلموں میں بھی شامل ہوگئی۔

بری لارسن دشمنوں کو مزہ چکھاتی دکھائی دیں—اسکرین شاٹ
بری لارسن دشمنوں کو مزہ چکھاتی دکھائی دیں—اسکرین شاٹ

فلم کی کہانی بری لارسن یعنی کیپٹن مارول کی غیر معمولی صلاحیتوں کے گرد گھومتی ہے، وہ اگرچہ ایئر فورس کی پائلٹ بنتی ہیں، تاہم جلد ہی اسے اندازہ ہوجاتا ہے کہ وہ عام خاتون پائلٹ سے بڑھ کر ہیں۔

فلم میں 1990 کا زمانا دکھایا ہے۔

اس فلم کی خاص بات یہ ہے کہ اس کی ہدایت کارہ بھی خاتون ہیں، تاہم مرد ہدایت کار بھی فلم کے شریک ہدایت کار ہیں۔ فلم کی ہدایات اینا بوڈن اور ریان فلیک نے دی ہیں۔

بری لارسن کے علاوہ فلم کی دیگر کاسٹ میں سیموئل ایل جیکسن، بیل مینڈل سوہن، لی پیس اور کلارک گریگ سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں