بھارتی فضائیہ کا طیارہ مگ27راجستھان میں گر کر تباہ

31 مارچ 2019
پاکستان نے گزشتہ ماہ دراندازی کی کوشش کرنے والے دو بھارتی طیاروں کو مار گرایا تھا— فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان نے گزشتہ ماہ دراندازی کی کوشش کرنے والے دو بھارتی طیاروں کو مار گرایا تھا— فائل فوٹو: اے ایف پی

بھارت کے جنگی طیارے گرنے کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا اور بھارتی فضائیہ کا مِگ27 طیارہ اتوار کو راجستھان میں جودھ پور کے قریب گر کر تباہ ہو گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مِگ 27 کا پائلٹ محفوظ طریقے سے طیارے سے نکلنے میں کامیاب رہا اور تباہ ہونے والا طیارہ معمول کی پرواز پر تھا۔

مزید پڑھیں: پاک فضائیہ نے 2 بھارتی لڑاکا طیارے مار گرائے، پاک فوج

اس حوالے سے آفیشلز کا کہنا ہے کہ اترلائی ایئر فورس کے اڈے سے اڑنے والے طیارے مِگ 27 یو پی جی ایئر کرافٹ کے انجن میں فنی خرابی ہو گئی تھی جس کی وجہ سے وہ تباہ ہو گیا۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق طیارہ گرنے کے نتیجے میں زمین پر کسی بھی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

یہ رواں ماہ تباہ ہونے والا بھارتی فضائیہ کا دوسرا طیارہ ہےجہاں اس سے قبل 8مارچ کو راجستھان میں معمول کی پرواز کے دوران مگ 21 تباہ ہو گیا تھا جس سے اڑان بھرنے کے بعد پرندہ ٹکرا گیا تھا۔

ضرور پڑھیں: بھارتی فضائیہ کا ایئر شو: پارکنگ میں کھڑی 300 گاڑیاں خاکستر

پاکستان نے 27فروری کو دراندازی کی کوشش کرنے والے دو بھارتی طیاروں کو مار گرایا تھا جن میں سے ایک کم از کم مگ21 تھا اور پاکستان نے ایک بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو گرفتار بھی کر لیا تھا۔

فضائی جنگ میں شکست کے بعد بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا تھا کہ اگر آج بھارت کے پاس رافیل طیارے ہوتے تو نتیجہ مختلف ہوتا۔

یہ بھی پڑھیں: ہندوستان: 5 سال میں 20 جنگی طیارے تباہ

پاکستان نے دونوں ملکوں کے درمیان بڑھتی کشیدگی میں کمی کے لیے گرفتار بھارتی پائلٹ ابھی نندن وردتھامن کو جذبہ خیر سگالی کے طور پر رہا کردیا تھا۔

دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کی صورتحال میں کمی کے باوجود فضائیہ اور دیگر مسلح مسلسل چوکس ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں