چاند کی رویت: آئندہ 10 سال کا اسلامی کلینڈر بنانے کیلئے کمیٹی تشکیل

اپ ڈیٹ 05 مئ 2019
کمیٹی رمضان سمیت تمام ماہ کی تاریخوں کا تعین کرے گی، فواد چوہدری— فائل فوٹو: ڈان نیوز
کمیٹی رمضان سمیت تمام ماہ کی تاریخوں کا تعین کرے گی، فواد چوہدری— فائل فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ حکومت نے آئندہ 10 سال تک اسلامی کلینڈرز کے تعین اور چاند کی رویت کے معاملے میں اختلافات کو دور کرنے کے لیے ایک کمیٹی قائم کردی۔

مذکورہ اعلان وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیا گیا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں چاند کے معاملے پر تنازع کو ختم کرنے کے لیے ایک کمیٹی قائم کردی گئی ہے جو آئندہ 10 سال کے لیے اسلامی کلینڈر کی تاریخ کا تعین کرے گی۔

انہوں نے بتایا کہ مذکورہ کمیٹی 5 ارکین پر مشتمل ہوگی جن میں سپارکو، محکمہ موسمیات اور سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے ماہرین شامل ہوں گے۔

مزید پڑھیں: فواد چوہدری: جیسا دیس ویسا بھیس

فواد چوہدری نے بتایا کہ کمیٹی عیدین، محرم اور رمضان سمیت پورے 12 مہینوں کی تاریخ کے کلینڈر کا اعلان کرے گی۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ آئندہ دس برس کے لیے آنے والے اس کلینڈر سے ہر سال پیدا ہونے والا تنازع ختم ہوجائے گا۔

اپنے ایک اور ٹوئٹ میں فواد چوہدری نے ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی وزارت نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ کمیٹی جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے پاکستان کا ایک قمری کلینڈر جاری کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے عید اور رمضان کے مہینوں میں یہ دیکھا ہے کہ چاند کی رویت پر ایک تنازع کھڑا ہوجاتا ہے، تاہم اگر جدید ٹیکنالوجی موجود ہے تو چاند کی حتمی تاریخ کا تعین کرنے کے لیے ہم اسے کیوں استعمال نہیں کر سکتے۔

یہ بھی پڑھیں: 4 مہینوں کی رویت ہلال پر 30 لاکھ روپے سے زائد کے اخراجات

فواد چوہدری نے کہا کہ رویت ہلال کمیٹی بھی اس وقت دوربین سے چاند دیکھتی ہے تاہم اگر پرانی ٹیکنالوجی استعمال کی جاسکتی ہے تو جدید ٹیکنالوجی استعمال کیوں نہیں کی جاسکتی؟

وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا کہنا تھا کہ ان کی وزارت نے اپنا فیصلہ کرلیا ہے، ہم بہت جلد ایک کلینڈر ترتیب دے کر وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کریں گے جس کے بعد کابینہ کے پاس اس کی منظوری اور مسترد کرنے کا اختیار ہوگا۔

دوسری جانب سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ان سے سوال کیا گیا کہ کیا مذہبی طبقہ اس فیصلے کو قبول کر لے گا جس پر فواد چوہدری نے کہا کہ ملک چلانے کا فیصلہ مولانا پر نہیں چھوڑا جاسکتا۔

فواد چوہدری نے دعویٰ کیا کہ مذہبی طبقے کے قبول کرنے یا نہ کرنے کی رو سے پاکستان کا قیام ہی عمل میں نہ آتا کیونکہ تمام بڑے علما تو قیام پاکستان کے مخالف تھے۔

فواد چوہدری نے واضح کیا کہ ملک کے مستقبل کا سفر ’مولویوں‘ نے نہیں بلکہ نوجوانوں نے کرنا ہے اور ٹیکنالوجی ہی قوم کو آگے لے جاسکتی ہے۔

خیال رہے کہ رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے آج کراچی میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوگا جبکہ محکمہ موسمیات کی جانب سے امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ آج چاند نظر نہیں آئے گا۔

تبصرے (1) بند ہیں

Malik May 06, 2019 03:33am
آپ لوگ یہ کام کرکے غلطی کریں گے - کیلنڈر کے مسائل بھی موجود ھیں - یہ بھی مستقل حل نہیں