'معیشت کو اوپر لے جانے کیلئے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا استعمال کرنا پڑےگا'

اپ ڈیٹ 11 مئ 2019
پاکستان اسلامی دنیا میں اسپیس سے متعلق ٹیکنالوجی میں سب سے آگے ہے، فواد چویدری — فوٹو: فواد چوہدری
پاکستان اسلامی دنیا میں اسپیس سے متعلق ٹیکنالوجی میں سب سے آگے ہے، فواد چویدری — فوٹو: فواد چوہدری

وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان میں معیشت کو اوپر لے جانے کے لیے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا استعمال کرنا پڑے گا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے دعویٰ کیا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت ہی معیشت کو اوپر لے کر جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبے میں لوگ پاکستان کو کم تر سمجھتے ہیں لیکن اس خطے میں سوویت یونین کے بعد خلا میں جانے والا دوسرا ملک پاکستان ہی تھا جس نے 1962 میں راکٹ خلا میں بھیج کر یہ مقام حاصل کیا تھا۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ بھارت نے خلا میں اپنے ہدف کو نشانہ بنانے کا تجربہ کیا ہے ، تاہم پاکستان بھی بہت جلد خلا میں جاکر یہ مقام حاصل کرلے گا۔

مزید پڑھیں: فواد چوہدری: جیسا دیس ویسا بھیس

جب ان سے سوال کیا گیا کہ کیا ہبل دوربین پاکستان نے بھیجی یا امریکا نے جس پر انہوں نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ہبل دوربین امریکا کے خلائی ادارے ناسا کا ایک پروگرام ہے اور پاکستان کے اسپارکو کا بھی ان سے تعلق ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلامی دنیا میں اسپیس سے متعلق ٹیکنالوجی میں سب سے آگے ہے اور آگے ہی رہے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو کم تر نہ سمجھیں، پاکستان میں بڑے بڑے سائنس دان اور ماہرین موجود ہیں۔

جب ان سے سوال کیا گیا کہ وفاق اور سندھ کے درمیان اختلافات موجود ہیں جس پر انہوں نے کہا کہ دونوں حکومتوں کے درمیان کوئی اختلافات موجود نہیں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: خلائی دوربین کے بارے میں فواد چوہدری کا بیان، چرچے عالمی میڈیا تک جا پہنچے

انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری ماضی کا قصہ بن چکے ہیں، ان کے لیے اب ولن جیسی کہانیں سامنے آئیں گی۔

فواد چوہدری کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان دونوں رہنماؤں کے بچے پہلے سیاسی وراثت پر لڑیں گے اور پھر ان کے مال و دولت پر لڑیں گے، ہم دیکھیں گے کہ نئی لیڈرشپ کیسے ابھرے گی۔

پاکستانی معیشت پر گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان کو معاشی چیلنجز کا سامنا ضرور ہے لیکن ملکوں میں معیشت اوپر بھی جاتی ہیں اور نیچے بھی آتی ہیں۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ پاکستان میں معیشت نیچے آئی ہے تاہم حکومت اسے اوپر لے جائے گی جس میں سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کو استعمال کرنا پڑے گا

مزید پڑھیں: فواد چوہدری سمیت کئی وزرا کے قلمدان تبدیل

وفاقی وزیر نے بتایا کہ سانسی علوم کے لیے 15 سو اسکول بنائے جائیں گے اور ایسے علاقوں میں بچوں کو اوپر لے جایا جائے گا جن پر پہلے توجہ نہیں دی گئی۔

چاند کی رویت سے متعلق بتایا کہ 15ویں روزے تک پیشگی قمری کلینڈر تیار کر لیا جائے گا، تاہم چاند کو دیکھنے کا جو مسئلہ آرہا ہے اس کو ختم کرنے کے لیے ایک ایپ بنائی جائے گی جس میں لوگ چاند کو براہ راست دیکھ سکتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہم صرف حل بتارہے ہیں باقی پاکستانی عوام نے فیصلہ کرنا ہے کہ وہ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے ساتھ چلنا چاہتے ہیں یا پھر پرانے روایتی طریقوں پر ہی زندگی گزارنا چاہتے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں