'لوڈ ویڈنگ' پاکستان کے بعد چین میں بھی مقبول

فلم گزشتہ سال عید کے موقع پر ریلیز ہوئی تھی —فوٹو/ اسکرین شاٹ
فلم گزشتہ سال عید کے موقع پر ریلیز ہوئی تھی —فوٹو/ اسکرین شاٹ

پاکستان میں گزشتہ سال ریلیز ہونے والی رومانوی کامیڈی فلم 'لوڈ ویڈنگ' کو تجزیہ کاروں کا مثبت ریویو ملا، جبکہ فلم نے باکس آفس پر بھی شاندار بزنس کیا تھا۔

اور اب نبیل قریشی اور فضا علی میرزا کی فلم لوڈ ویڈنگ دنیا بھر میں نام کمارہی ہے۔

ڈان سے بات کرتے نبیل قریشی کا کہنا تھا کہ فلم پاکستان کے ساتھ ساتھ چین میں بھی مقبول ہورہی ہے اور رواں ماہ 17 تاریخ کو چین میں ہونے والے ایشین فلم اینڈ ٹی وی فیسٹیول میں بھی نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

مزید پڑھیں: لوڈ ویڈنگ بھارتی فلم فیسٹیول کے لیے نامزد

17 مئی کو چین کے شہر گوانگژو میں فلم کی نمائش ہوگی، جبکہ بیجنگ میں اس کی نمائش ایک روز بعد 18 تاریخ کو ہوگی۔

لوڈ ویڈنگ کے ساتھ بولی وڈ فلم 'دنگل'، 'تارے زمین پر' اور 'چلڈرن آف ہیون' کی بھی نمائش ہوگی۔

مزید پڑھیں: لوڈ ویڈنگ : ایک اہم مسئلے پر روشنی ڈالنے والی کہانی

فلم کے ہدایت کار نبیل اور پروڈیوسر فضا دونوں ہی چین کے صدر شی جن پنگ کی جانب سے اس فیسٹیول سے متعلق رکھی پریس کانفرنس کا حصہ بنے۔

اس ایونٹ میں بولی وڈ اداکار عامر خان، ایرانی فلم ساز ماجد مجیدی نے بھی شرکت کی۔

نبیل قریشی کا اس حوالے سے مزید کہنا تھا کہ 'ہمارے لیے یہ بہت بڑے اعزاز کی بات ہے کہ ہماری فلم کو اس فیسٹیول کا حصہ بنایا جارہا ہے اور لوڈ ویڈنگ چین میں پاکستان کی نمائندگی کررہی ہے'۔

یاد رہے کہ فلم 'لوڈ وینڈنگ' گزشتہ سال عید پر ریلیز ہوئی تھی۔

فلم کی کہانی جہیز خوری اور بڑی عمر میں شادی جیسے موضوعات پر مبنی تھی۔

لوڈ ویڈنگ کو مداحوں نے بےحد پسند کیا، جبکہ یہ نبیل اور فضا کی ایک ساتھ چوتھی کامیاب فلم ثابت ہوئی۔

تبصرے (0) بند ہیں