اداکارہ کبریٰ خان نے کہا ہے کہ رمضان کا مقصد بھوک اور پیاس برداشت کرنا نہیں بلکہ اس سے بڑھ کر ہے۔

اداکارہ نے انسٹاگرام پر رمضان کے دوران بیشتر افراد کے رویوں پر بات کی جو روزے رکھنے کے باوجود شدید غصے کا اظہار کرتے ہیں۔

انہوں نے لکھا 'ایک مودبانہ یاد دہانی ہے، ہم کسی دوسرے فرد کو فائدہ پہنچانے کے لیے روزہ نہیں رکھتے، ہم روزہ اپنے اور اپنے اللہ کے لیے رکھتے ہیں، ہمیں کوئی حق نہیں کہ ہم دیگر افراد سے لڑیں کیونکہ ہماری بھوک نے ہماری برداشت ختم کردی ہے'۔

انہوں نے مزید کہا 'اللہ کو رمضان میں آپ کی بھوک کی ضرورت نہیں، رمضان صبر، تحمل اور سمجھنے کا نام ہے، اگر آپ اپنے مالک کے نام پر روزے رکھتے ہیں اور ایسا رویہ اختیار کرتے ہیں نیک پارسا ہیں اور دوسروں کی تحقیر یا انہیں ستاتے ہیں، تو آپ کو سوچنا چاہیے کہ آپ روزہ کیوں رکھ رہے ہیں'۔

کبریٰ خان کا کہنا تھا 'ہم سب انسان ہیں، ہم سب میں خامیاں ہیں، مگر کم از کم ہمیں خود کو بہتر بنانے کی کوشش تو کرنی چاہیے، یعنی اچھا رویہ، تحمل مزاجی، اپنے ارگرد کے لوگوں کے ساتھ صبر، اپنے والدین، اپنے دوستوں، اپنے ساتھیوں اور پڑوسیوں کے ساتھ اچھا رویہ اور صبر'۔

اس بات سے انکار ممکن نہیں کہ اداکارہ نے درست کہا ہے کہ لوگ رمضان کے دوران خود پر قابو پانے میں ناکام رہتے ہیں اور اس طرح روزے کے اصل مقصد کو فراموش کردیتے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں