کانگریس نے شکست تسلیم کرلی، مودی کو کامیابی پر مبارکباد

اپ ڈیٹ 31 مئ 2019
راہول گاندھی انتخابی مہم میں مودی کو مسلسل نشانہ بناتے رہے تھے— فائل فوٹو / ہندوستان ٹائمز
راہول گاندھی انتخابی مہم میں مودی کو مسلسل نشانہ بناتے رہے تھے— فائل فوٹو / ہندوستان ٹائمز

بھارت کی مرکزی اپوزیشن جماعت کانگرس کے سربراہ راہول گاندھی نے لوک سبھا کے انتخابات میں شکست تسلیم کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے پر نریندر مودی کو مبارکباد پیش کردی۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق پریس کانفرنس میں راہول گاندھی نے کہا کہ ’میں پہلے بھی کہہ چکا تھا کہ جنتا (عوام) مالک ہیں اور آج لوگوں نے اپنا فیصلہ سنادیا، بھارتی عوام نے نریندر مودی کو اپنا نیا وزیر اعظم منتخب کیا اور میں ان کے فیصلے کا احترام کرتا ہوں‘۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت میں پھر مودی سرکار، بی جے پی کی واضح برتری

انہوں نے کہا کہ لوک سبھا کے انتخابات دو نظریاتی جنگ کی مانند تھے اور ان کی پارٹی نظریاتی محاذ پر جنگ جاری رکھے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ کانگریس ورکنگ کمیٹی سے مل کر آگے کا لائحہ عمل طے کریں گے۔

ایک سوال کے جواب میں راہول گاندھی نے کہا کہ ’آج یہ بات کرنے کا موقع نہیں کہ کانگریس کی شکست کے پیچھے کیا محرکات ہیں بلکہ لوگوں نے واضح اکثریت سے نریندر مودی کو اپنا وزیر اعظم منتخب کیا اور میں اس کا احترام کرتا ہوں‘۔

اتر پردیش کی نشست امیٹھی میں بھارتیہ جتنا پارٹی (بی جے پی) کی سمرتی ایرانی سے شکست پر انہوں نے کہا کہ ’وہ لوگوں کے فیصلے کو قبول کرتے ہیں‘۔

مزید پڑھیں: وزیر اعظم کی انتخابات میں کامیابی پر نریندر مودی کو مبارکباد

راہول گاندھی نے کہا کہ ’سمرتی ایرانی کو فتح ہوئی، مبارک باد پیش کرتا ہوں، لوگوں نے ان کو منتخب کیا اور میں ان سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ امیٹھی کے لیے دل و جان سے کام کریں‘۔

خیال رہے کہ بھارت میں لوک سبھا ( ایوانِ زیریں) کے 17ویں انتخابات میں نریندر مودی کی جماعت بی جے پی واضح برتری کے ساتھ لگاتار دوسری مرتبہ کامیابی کی جانب گامزن ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کی رپورٹ کے مطابق بھارتی الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیے گئے اب تک کے سرکاری نتائج کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی کو 294 نشستوں کے ساتھ برتری حاصل ہے جبکہ اپوزیشن جماعت کانگریس 50 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نریندر مودی کی جیت پر عالمی رہنماؤں کی مبارکباد،نیک خواہشات کا اظہار

بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کیا کہ ' بھارتیہ جنتا پارٹی کو عظیم کامیابی سے ہمکنار کروانے پر نریندر مودی کی مشکور ہوں'۔

تبصرے (0) بند ہیں