خیبرپختونخوا کے علاقے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں نے سیکیورٹی چیک پوسٹ پر فائرنگ کرکے ایک سپاہی کو شہید کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے جاری بیان میں حالیہ دہشت گردی کے واقعے کے حوالے سے بتایا گیا کہ 'دہشت گردوں نے شمالی وزیرستان کی وادی شوال میں مکی گڑھ پوسٹ پر حملہ کیا'۔

مزید پڑھیں: سیکیورٹی چیک پوسٹ پر فائرنگ سے 5 اہلکار زخمی، پاک فوج

بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے حملے کا بھرپور جواب دیا۔

اس میں مزید بتایا گیا کہ 'فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا ایک نوجوان جام شہادت نوش کرگیا'۔

بویا سے 5 لاشیں برآمد

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دریں اثنا شمالی وزیرستان کے علاقے بویا میں گولیاں لگی 5 لاشیں برآمد کی گئی ہیں۔

خیال رہے کہ یہ علاقہ خرقمر چیک پوسٹ سے تقریبا ڈیڑھ کلومیٹر کے فاصلے پر ہے، جہاں گذشتہ روز سیکیورٹی چیک پوسٹ پر حملے کے نتیجے میں 5 سیکیورٹی اہلکار سمیت 15 افراد زخمی اور 3 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

آئی ایس پی آر کے جاری بیان میں کہا گیا کہ 'گذشتہ روز جہاں سیکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ کیا گیا تھا، دوران پیٹرولنگ نوللہ کے مقام پر 5 لاشیں برآمد ہوئیں، جنہیں گولیاں مار کر قتل کیا گیا تھا، یہ علاقہ خرقمر چیک پوسٹ سے ڈیڑھ کلومیٹر کے فاصلے پر ہے'۔

پاک فوج نے بتایا کہ لاشوں کی شناخت کا کام جاری ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں