پاکستان کا بھارتی وزیراعظم کو فضائی حدود کے استعمال کی اجازت دینے کا فیصلہ

اپ ڈیٹ 11 جون 2019
بھارتی حکومت نے پاکستانی حکومت سے فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت طلب کی تھی — فائل فوٹو/اے پی
بھارتی حکومت نے پاکستانی حکومت سے فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت طلب کی تھی — فائل فوٹو/اے پی

پاکستان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے طیارے کو کرغزستان جانے کے لیے ملک کی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کرلیا۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی 13 اور 14 جون کو کرغزستان میں ہونے والی شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے بشکیک جائیں گے۔

واضح رہے کہ 26 فروری کو بھارتی فورسز کی دراندازی اور پھر پاکستان کے بھرپور جواب کے بعد دونوں ممالک کے درمیان حالات کشیدہ ہوگئے تھے جبکہ پاکستان نے اپنی فضائی حدود مکمل طور پر بند کردی تھی۔

بھارتی اخبار دی ہندو کے مطابق بھارت نے پاکستان سے درخواست کی تھی کہ وہ اپنی فضائی حدود کھول دیں اور وزیراعظم نریندر مودی کا طیارے اپنی فضائی حدود سے گزر کر کرغزستان جانے کی اجازت دیں۔

مزید پڑھیں: ’میں اصلی ہوں‘: بھارت میں ایک اور نریندر مودی سامنے آگیا

بھارت کے نامعلوم حکام نے بھارتی خبر رساں ایجنسی پریس ٹرسٹ انڈیا (پی ٹی آئی) کو تصدیق کی تھی کہ پاکستانی حکومت نے بھارتی حکومت کو وزیراعظم نریندر مودی کا طیارہ اپنی فضائی حدود سے گزرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ضابطے کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد بھارتی حکومت کو اس فیصلے کے بارے میں آگاہ کر دیا جائے گا۔

حکام کا یہ بھی کہنا تھا کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کو اپنے ایئر ٹریفک کنٹرول کو آگاہ کرنے کی ہدایت جاری کر دی جائیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد دونوں ممالک کے درمیان بات چیت کا خواہاں ہے جسے اس کی پیشکش میں بھارت کی جانب سے بھی مثبت جواب کی امید ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 'مودی کی حکومت پھر آئی تو پاک بھارت کشیدگی بڑھ جائے گی'

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے اپنے بھارتی ہم منصب کو خط لکھا تھا جس میں انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان کشمیر سمیت تمام مسائل کو حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

حکام کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایس سی او سربراہی کانفرنس میں دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کے درمیان ملاقات ممکن نہیں تاہم پاکستان، بھارت سے اپنی بات چیت کی پیشکش کے مثبت جواب کا خواہش مند ہے۔

جب ڈان نے پاکستانی وزارت خارجہ میں حکام سے رابطہ کیا تو انہوں تصدیق کی کہ انہیں بھارتی وزیراعظم کا طیارہ پاکستانی فضائی حدود سے گزرنے کی اجازت کی درخواست موصول ہوئی تھی۔

انہوں نے بھی تصدیق کی کہ حکومت پاکستان نے بھارتی وزیراعظم کے طیارے کو پاکستانی فضائی حدود سے گزرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کرلیا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ گذشتہ ماہ بھی پاکستان نے بھارتی وزیرِ خارجہ سشما سوراج کے طیارے کو پاکستانی حدود استعمال کرنے کی اجازت دی تھی جب وہ ایس سی او اجلاس میں شرکت کے لیے بشکیک گئیں تھیں۔


یہ خبر 11 جون 2019 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں