'کوہلی کی بیٹنگ دیکھ کر بھارت کیخلاف میچ کی تیاری کر رہا ہوں'

اپ ڈیٹ 16 جون 2019
بھارت کے خلاف میچ کے لیے بابر اعظم کو پاکستانی بیٹنگ لائن کے لیے سب سے اہم قرار دیا جا رہا ہے — فوٹو: اے ایف پی
بھارت کے خلاف میچ کے لیے بابر اعظم کو پاکستانی بیٹنگ لائن کے لیے سب سے اہم قرار دیا جا رہا ہے — فوٹو: اے ایف پی

قومی ٹیم کے نوجوان اسٹار بلے باز بابر اعظم نے کہا ہے کہ وہ بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو دیکھ کر روایتی حریف کے خلاف مقابلے کی تیاری کر رہے ہیں۔

اتوار کو مانچسٹر میں بھارت کے خلاف میچ کے لیے بابر اعظم کو پاکستانی بیٹنگ لائن کے لیے سب سے اہم قرار دیا جا رہا ہے اور وہ کوہلی کی ویڈیوز دیکھ کر میچ کی تیاری کر رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: محمد عامر سے کیسے نمٹا جائے؟ ٹنڈولکر کا بھارتی بلے بازوں کو مشورہ

بابر اعظم پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ مستقل مزاجی سے رنز اسکور کرنے والے بلے باز ہیں لیکن حالیہ عرصے میں وہ اپنی اننگز میں بڑی اننگز میں تبدیل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

بابر اعظم نے تسلیم کیا کہ وہ بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کی بیٹنگ دیکھ کر اس سے سیکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں کوہلی کی بیٹنگ دیکھ رہا ہوں کہ وہ مختلف کنڈیشنز میں کس طرح بیٹنگ کرتے ہیں اور اس سے سیکھنے کی کوشش کر رہا ہوں، یہ سیکھنے کا عمل ہے اور میں 100فیصد کوشش کر رہا ہوں۔

24سالہ بلے باز نے کہا کہ 2سال قبل چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارت کو دی گئی شکست کی بدولت قومی ٹیم ورلڈ کپ سابقہ مقابلے سے تحریک حاصل کر کے اس اہم میچ سے قبل کافی پراعتماد ہے اور ہم بھارت کو ایک اور سرپرائز دے سکتے ہیں۔

چیمپیئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں پاکستانی ٹیم کو بھارت کے خلاف 124رنز سے شکست ہوئی تھی لیکن ایونٹ کے فائنل میں قومی ٹیم نے بھارت کو چاروں شانے چت کرتے ہوئے 180رنز سے مات دے کر بھارت کے خلاف ون ڈے کرکٹ میں سب سے بڑی فتح حاصل کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: کرکٹ کی دنیا پر مبنی فلمیں جو دنیا بھر میں مقبول ہوئیں

بابر اعظم نے کہا کہ ہم میچ کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں کیونکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچز بہت پرجوش ہوتے ہیں اور پوری دنیا انہیں دیکھ رہی ہوتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کا اچھا باؤلنگ اٹیک ہے لیکن ہم نے اچھے باؤلنگ اٹیک کی حامل انگلش ٹیم کے خلاف بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا لہٰذا ہم پراعتماد ہیں کہ بھارتی باؤلنگ اٹیک کا بھی اچھے سے سامنا کریں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں