جنوبی وزیرستان: وانا میں پہلا پولیس اسٹیشن قائم

اپ ڈیٹ 15 جون 2019
پولیس اسٹیشن میں باقاعدہ طور پر پولیسنگ کا عمل شروع ہوگیا —فوٹو: زاہد امداد
پولیس اسٹیشن میں باقاعدہ طور پر پولیسنگ کا عمل شروع ہوگیا —فوٹو: زاہد امداد

صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقے جنوبی وزیرستان میں ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پولیس اسٹیشن قائم کردیا گیا۔

جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں وانا فورٹ کو تبدیل کرکے علاقے میں پہلی مرتبہ پولیس اسٹیشن قائم کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا پولیس نے دہشتگردی کےخاتمے کیلئے ڈیجیٹل نظام متعارف کرادیا

وانا فورٹ پہلے فرنٹیئر کور (ایف سی) کے استعمال میں تھا، جس کے خالی ہونے کے بعد پولیس نے اسے تھانے میں تبدیل کرکے ذمہ داریاں سنبھال لیں۔

پولیس حکام کا کہنا تھا کہ پہلی مرتبہ قائم ہونے والے پولیس اسٹیشن میں باقاعدہ طور پر پولیسنگ کا عمل شروع ہوچکا ہے جبکہ اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) سمیت دیگر عملہ بھی تعینات کردیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فوج نے 10 سال بعد لوئر، اپر دیر کا کنٹرول سول انتظامیہ کے حوالے کردیا

ادھر خیبرپختونخوا پولیس کے ترجمان شہزادہ فاروق کوکب نے ڈان نیوز کو بتایا کہ ’علاقے میں یہ پہلا پولیس اسٹیشن ہے‘ اور تمام اسٹاف کی ضروریات کے ساتھ تمام امور فعال ہیں، اسی طرح فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) کا اندراج بھی شروع کردیا گیا ہے۔

ترجمان خیبرپختونخوا پولیس کے مطابق جنوبی وزیرستان میں پولیسنگ کے عمل کا آغاز ہونا ایک خوش آئند بات ہے اور اسی سے علاقے میں امن قائم کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام ضم اضلاع میں پولیسنگ کا عمل شروع ہوچکا ہے جبکہ صلاحیت میں بہتری کے لیے پولیس فورس کی تربیت جاری ہے، ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ضلع خیبر میں بم ڈسپوزل یونٹ (بی ڈی یو) کے پہلے بیچ نے اپنی تربیت مکمل کرلی۔

تبصرے (0) بند ہیں