ورلڈ کپ2019: جنوبی افریقہ کی پہلی کامیابی، افغانستان کو شکست

اپ ڈیٹ 17 جون 2019
ہاشم آملا نے آؤٹ ہوئے بغیر 41 رنز بنائے—فوٹو:رائٹرز
ہاشم آملا نے آؤٹ ہوئے بغیر 41 رنز بنائے—فوٹو:رائٹرز
عمران طاہر نے سب سے زیادہ 4 وکٹیں حاصل کیں—فوٹو:اے ایف پی
عمران طاہر نے سب سے زیادہ 4 وکٹیں حاصل کیں—فوٹو:اے ایف پی
—فوٹو:اے ایف پی
—فوٹو:اے ایف پی

جنوبی افریقہ کی ٹیم نے ورلڈ کپ 2019 میں افغانستان کو باآسانی 9 وکٹوں سے شکست دے کر بالآخر پہلی کامیابی حاصل کرلی۔

کارڈف میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے میچ میں جنوبی افریقہ کے کپتان فاف ڈیوپلیسی نے ٹاس جیت کر افغانستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

تجربہ کار اوپنر شہزاد کی خدمات سے محروم افغانستان کی ٹیم کے دونوں اوپنرز حضرت اللہ زازئی اور نور علی زادران 8 اوورز میں صرف 39 رنز بناسکے۔

رابادا کی ایک اچھی گیند پر حضرت اللہ نے وین ڈوسن کو کیچ دیا جس کے نتیجے میں ان کی 22 رنز کی اننگز کا خاتمہ ہوا، اس کے علاوہ نئے بلے باز رحمت شاہ بھی زیادہ دیر وکٹ پر ٹھہر نہ سکے اور ٹیم کے اسکور میں صرف 6 رنز کا اضافہ کر پائے۔

نور علی زادران اور حشمت اللہ شاہدی نے ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھانے مقدور بھر کوشش کی لیکن ناکام ہوئے اور 69 کے اسکور پر حشمت اللہ شاہدی آؤٹ ہوگئے۔

افغانستان کا اسکور 69 رنز تھا تو بارش کے باعث میچ کو روک دیا گیا اور بارش کے تھمتے ہی جب کھیل کا آغاز ہوا تو افغان ٹیم کو اوپنر نور علی زادران کی وکٹ کا نقصان برداشت کرنا پڑا جن کو عمران طاہر نے آوٹ کردیا۔

جنوبی افریقہ نے بارش کے بعد تیز کھیل کا مظاہرہ کیا اور افغانستان کی مزید دو وکٹیں گرادیں، عمران طاہر نے اصغر افغان اور فیلوکوایو نے محمد نبی کو 70 کے مجموعے میں آؤٹ کرکے افغانستان کی ٹیم کو بڑا نقصان پہنچایا۔

راشد خان نے جنوبی افریقی باؤلرز کے خلاف بھرپور مزاحمت کی لیکن عمران طاہر نے افغان بلے بازوں کو ترنوالہ بنایا اور 4 وکٹیں حاصل کرکے ٹیم کو 125 رنز تک محدود کردیا۔

افغانستان کی پوری ٹیم 35ویں اوور میں 125 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی، راشد خان نے سب سے زیادہ 35 رنز بنائے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے عمران طاہر نے سب سے زیادہ 4، کرس مورس نے 3 وکٹیں حاصل کیں، فیلکووایو نے 2 اور رابادا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

آسان ہدف کے تعاقب میں ہاشم آملہ اور کوئنٹن ڈی کوک نے محتاط بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 23ویں اوور میں 100 رنز کی شراکت مکمل کی، تاہم اس دوران ڈی کوک نے نصف سنچری بنائی جبکہ آملہ بظاہر مشکلات کا شکار نظر آئے۔

ڈی کوک 68 رنز بنانے کے بعد گلبدین نائب کی گیند پر محمد نبی کو کیچ دے بیٹھے، تاہم اس وقت جنوبی افریقہ نے 104 رنز بنائے تھے۔

دوسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے فیلکووایو کو بھیجا گیا جنہوں نے 126 رنز کا ہدف عبور کرنے تک ہاشم آملہ کا بھرپور ساتھ دیا۔

جنوبی افریقہ نے 29ویں اوور کی چوتھی گیند پر فیلکووایو کی جانب سے لگائے گئے چھکے کی مدد سے 131 رنز بنا کر میچ 9 وکٹوں سے جیت لیا۔

ہاشم آملہ 41 اور فیلکووایو 17 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

خیال رہے کہ رواں ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ کی یہ پہلی فتح ہے اور پہلی مرتبہ ایونٹ کے کسی میچ کے پورے 2 پوائنٹس حاصل کرلیے ہیں۔

عمران طاہر کو 4 وکٹیں حاصل کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

میچ کے لیے کھلاڑیوں کا چناؤ

افغانستان: گلبدین نائب(کپتان)،حضرت اللہ زازئی، نور علی زادران، رحمت شاہ، حشمت اللہ شاہدی، اصغر افغان، محمد نبی، اکرام علی خیل، راشد خان، آفتاب عالم، حامد حسن

جنوبی افریقہ: فاف ڈیوپلیسی (کپتان)، کوئنٹن ڈی کوک، ہاشم آملا، میکرام، وین ڈوسن، ڈیوڈ ملر، فیلکوایو، کرس مورس، رابادا، عمران طاہر، ہینڈرکس

تبصرے (0) بند ہیں