شعیب اختر نے سرفراز احمد کو 'احمق' کپتان قرار دے دیا

17 جون 2019
حسن علی کو واہگہ بارڈر کے بجائے میدان میں جان مارنے کی ضرورت ہے، شعیب اختر— فائل فوٹو: اے ایف پی
حسن علی کو واہگہ بارڈر کے بجائے میدان میں جان مارنے کی ضرورت ہے، شعیب اختر— فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے ورلڈکپ میں بھارت سے شکست کے بعد پاکستانی کپتان سرفراز احمد کو ایک احمق کپتان قرار دے دیا۔

اپنے ایک ویڈیو پیغام میں شعیب اختر کا کہنا تھا کہ پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر ہی آدھا میچ جیت لیا تھا لیکن انہوں نے احمقانہ کپتانی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دے دی۔

شعیب اختر کا کہنا تھا کہ ایسا محسوس ہورہا تھا کہ سرفراز احمد یہ میچ جیتنا ہی نہیں چاہتے، وہ میچ کے دوران بالکل 'ریلو کٹے' کی طرح میدان میں نظر آئے۔

اسپیڈ اسٹار نے باؤلنگ کے شعبے میں خراب کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے حسن علی سمیت اچھی باؤلنگ کرنے والے محمد عامر پر بھی تنقید کی۔

مزید پڑھیں: عوام کا 'جماہیاں' لیتے سرفراز کو واپس بھیجنے کا مطالبہ

انہوں نے کہا کہ حسن علی کو واہگہ بارڈر کے بجائے میدان میں جان مارنے کی ضرورت ہے، بارڈر پر ایسی چھلانگیں تب ہی اچھی لگتی ہیں جب آپ میچ میں 7 آؤٹ کریں۔

شعیب اختر نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ حسن علی نے یہ فیصلہ کر لیا ہے کہ انہوں نے صرف ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کھیلنا ہے تاکہ انہیں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں معاہدے ملتے جائیں۔

محمد عامر کے حوالے سے شعیب اختر کا کہنا تھا کہ ان کی یہ وکٹیں پاکستان کے لیے کار آمد نہیں ہیں کیونکہ انہوں نے ایسے وقت میں وکٹیں حاصل کیں جبکہ حریف ٹیم 300 رنز کے قریب پہنچ چکی تھی۔

انہوں نے کہا کہ میں چاہتا تھا کہ محمد عامر ٹیم کو میچ جتوانے والی پرفارمنس دے۔

یہ بھی پڑھیں: 'ہمارے لیے ورلڈکپ ختم نہیں ہوا'، سرفراز سیمی فائنل کیلئے پرُامید

شعیب اختر نے ٹاس کے حوالے سے کہا کہ اگر پاکستان ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتا اور 300 رنز بن جاتے تو پھر میں بھی دیکھتا کہ بھارت کس طرح ہدف حاصل کرتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی بیٹسمین نے بھارت کے غیر ریگولر باؤلرز کو آسانی کے ساتھ اوورز نکالنے دیے جبکہ ان کا اسٹرائیک باؤلر بھونیشور کمار زخمی ہوکر میچ سے باہر چلا گیا تھا۔

اسپیڈ اسٹار نے کہا کہ شاید ہم ہی غلطی کر رہے ہیں کہ 'اوسط درجے کے کھلاڑیوں سے بہترین کارکردگی کی امید لگائے بیٹھے ہیں۔'

انہوں نے ٹیم کے کوچ مکی آرتھر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ 'کوچ کو کچھ علم ہی نہیں ہے، وہ ہنستے رہتے ہیں یا پھر غصہ کرتے رہتے ہیں'۔

مزید پڑھیں: 'پاکستانی ٹیم ذہنی طور پر کمزور ہے'

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ میچ کے دوران پاکستان کی جانب سے کسی طرح کا گیم پلان دکھائی نہیں دیا۔

انہوں نے بھارتی ٹیم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کو کبھی ان کی بیٹنگ نے نہیں بلکہ باؤلنگ نے میچ جتوایا ہے۔

شعیب اختر نے اپنے بیان میں بھارتی بلے بازوں کے کھیل کی بھی تعریف کی او انہیں جیت پر مبارکباد پیش کی۔

تبصرے (0) بند ہیں