ورلڈکپ:شامی کی ہیٹ ٹرک، بھارت نے افغانستان کو شکست دے دی

اپ ڈیٹ 23 جون 2019
محمد شامی نے 4 وکٹیں حاصل کیں—فوٹو:اے ایف پی
محمد شامی نے 4 وکٹیں حاصل کیں—فوٹو:اے ایف پی
ویرات کوہلی 67 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے—فوٹو:اے پی
ویرات کوہلی 67 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے—فوٹو:اے پی
بھارتی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے۔ — فوٹو: ورلڈکپ ٹوئٹر اکاؤنٹ
بھارتی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے۔ — فوٹو: ورلڈکپ ٹوئٹر اکاؤنٹ

ورلڈکپ 2019 کے 28ویں میچ میں بھارت نے محمد شامی کی ہیٹ ٹرک کے باعث افغانستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 11 رنز سے شکست دے دی۔

ساوتھمپٹن میں کھیلے گئے میچ میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اوپنرز ان کے فیصلے کی لاج رکھنے میں ناکام ہوئے۔

روہت شرما صرف ایک رن بنا سکے تاہم راہول نے 30 رنز بناکر کپتان کوہلی کے ہمراہ دوسری وکٹ میں بھارت کو 64 رنز تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا، انہیں محمد نبی نے آؤٹ کیا جس کے بعد وجے شنکر نے کوہلی کا ساتھ 122 تک نبھایا۔

بھارت کے کپتان ویرات کوہلی نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلی لیکن محمد نبی نے انہیں 135 کے اسکور پر پویلین بھیج دیا، اس وقت انہوں نے 67 رنز بنائے تھے۔

سابق کپتان اور تجربہ بلے باز ایم ایس دھونی آؤٹ ہونے والے پانچویں بلے باز تھے جو 192 کے مجموعی اسکور پر 28 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ دوسرے اینڈ سے جادیو نے قدرے اچھی اننگز کھیلی اور اپنی نصف سنچری کی بدولت ٹیم کو 224 رنز بنانے تک سہارا دیا۔

جادیو 52 رنز بنا کر آؤٹ ہونے والے آخری بھارتی بلے باز تھے، اس سے قبل ہردک پانڈیا 7 اور محمد شامی ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔

بھارت کی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 224 رنز بنائے۔

افغانستان کی جانب سے گلبدین نائب اور محمد نبی نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی پہلی وکٹ 20 رنز پر گری جب حضرت اللہ زازئی 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، دوسری وکٹ کی شراکت میں گلبدین نائب اور رحمت شاہ نے 44 رنز کی شراکت کی جبکہ تیسری وکٹ پر رحمت شاہ نے حشمت اللہ شاہدی کے ساتھ 42 رنز کی شراکت کی اور اسکور کو 106 رنز تک پہنچایا۔

رحمت شاہ 36، گلبدین نائب 27 اور حشمت اللہ شاہدی 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد اصغر افغان 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تاہم نجیب اللہ زادران نے 21 رنز کی اننگز کھیل کر محمد نبی کا بھر پور ساتھ دیا جبکہ راشد خان 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے افغانستان کا اسکور 190 رنز تھا۔

محمد نبی نے مرد بحران کا کردار ادا کرتے ہوئے افغان ٹیم کو ہدف کے قریب پہنچایا لیکن فتح دلوانے میں ناکام ہوئے۔

افغانستان کی پوری ٹیم آخری اوور میں 213 رنز بنا کر آوٹ ہوگئی۔

بھارت کی جانب سے محمد شامی نے بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور آخری اوور میں محمد نبی، آفتاب عالم اور مجیب الرحمٰن کو مسلسل تین گیندوں میں آؤٹ کرکے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی اور بھارت کو فتح بھی دلائی.

میچ سے قبل ٹاس کے موقع پر گفتگو کر تے ہوئے بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کا کہنا تھا کہ یہ ایک بہترین بیٹنگ وکٹ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وجے شنکر کی وجہ سے ٹیم متوازن ہے کیونکہ وہ ایک اچھے فیلڈر بھی ہیں اور اسی وجہ سے وہ ٹیم کا حصہ ہیں۔

ویرات کوہلی نے افغان ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ ٹیم جب اپنی بہترین پرفارمنس پر آئے تو ایک خطرناک ٹیم ثابت ہوسکتی ہے، لہٰذا بھارت کی اس کے خلاف بھی ایسی ہی حکمت عملی ہے جیسی دیگر ٹیموں کے خلاف ہے۔

افغان کرکٹ ٹیم کے کپتان گلبدین نائب کا کہنا تھا کہ اگر ہم ٹاس جیت جاتے تو پہلے بیٹنگ ہی کرتے۔

بھارتی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی تھی جہاں انجری کے شکار بھونیشور کمار کی جگہ محمد شامی کو شامل کیا گیا ہے۔

افغانستان کی ٹیم میں بھی 2 تبدیلیاں کی گئی تھیں جہاں دولت زادران اور نور علی زاردارن کی جگہ حضرت اللہ زازئی اور آفتاب احمد کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

بھارت: ویرات کوہلی (کپتان)، روہت شرما، کے ایل راہول، وجے شنکر، مہندرا سنگھ دھونی، کیدار جادیو، ہارڈک پانڈیا، محمد شامی، کلدیپ یادیو، جسپریت بمرا، چاہل

افغانستان: گلبدین نائب (کپتان)، حضرات اللہ زازئی، رحمت شاہ، حشمت اللہ شاہدی، اصغر افغان، محمد نبی، نجیب اللہ زادران، اکرام علی خیل، راشد خان، آفتاب عالم، مجیب الرحمٰن

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں