'رنبیر مشکل انسان نہیں، بس ان کا ماضی منفی ثابت ہوا'

ان دونوں نے گزشتہ سال اپنے رشتے کا اعلان کیا —فوٹو/ اسکرین شاٹ
ان دونوں نے گزشتہ سال اپنے رشتے کا اعلان کیا —فوٹو/ اسکرین شاٹ

بولی وڈ اداکار عالیہ بھٹ اور اداکار رنبیر کپور طویل عرصے تک اپنے افیئر کے حوالے سے خاموش رہے، تاہم اب ان دونوں نے میڈیا کے سامنے ایک دوسرے سے متعلق بات کرتے نظر آتے ہیں۔

ٹائمز آف انڈیا کو دیے ایک انٹرویو میں عالیہ بھٹ نے انکشاف کیا کہ ان کے بوائے فرینڈ اداکار رنبیر کپور نے ان کی کام کو لے کر بےچینی کو دور کرنے میں ان کی کافی مدد کی۔

عالیہ بھٹ کا کہنا تھا کہ 'یہ رشتہ نہیں، دوستی ہے، میں بہت ایمانداری سے یہ کہہ سکتی ہوں کہ یہ نہایت خوبصورت احساس ہے، میں اس وقت ایسا محسوس کررہی ہوں جیسے بادلوں اور ستاروں پر چل رہی ہوں'۔

اداکار نے مزید کہا کہ 'سب سے اچھی بات یہ ہے کہ ہم دو الگ شخصیت کے لوگ ہیں جو اپنی پروفیشنل زندگی بہترین انداز میں گزار رہے ہیں، رنبیر مسلسل شوٹنگ میں مصروف ہے اور میں بھی فلموں میں کام کررہی ہوں، یہ ایک ایسا موقع ہے جب ہم بہت زیادہ ایک ساتھ نظر نہیں آتے اور یہی ایک اچھے رشتے کی پہچان ہے، بس ہمارے رشتے کو کسی کی نظر نہ لگے'۔

مزید پڑھیں: ’رنبیر سے رشتہ کامیابی نہیں، زندگی کا اہم ترین حصہ ہے‘

26 سالہ عالیہ نے مزید بتایا کہ وہ رنبیر کپور کے ماضی میں اداکارہ دپیکا پڈوکون اور اداکارہ کترینہ کیف کے ساتھ افیئرز سے واقف ہیں، جس پر ان کا ماننا ہے کہ 'رنبیر مشکل نہیں ہیں، وہ بہترین انسان ہیں، بس ان کا ماضی منفی رہا، لیکن اس سے کیا فرق پڑتا ہے؟ یہ کسی بھی شخص کی زندگی کا حصہ ہوسکتا ہے'۔

View this post on Instagram

शिवा और इशा 💫 #brahmastra

A post shared by Alia 🌸 (@aliaabhatt) on

عالیہ نے رنبیر کپور سے اپنی پہلی ملاقات کے حوالے سے بتایا کہ 'جب میں رنبیر کپور سے اپنی زندگی میں پہلی بار ملی تو مجھے اندازہ ہوا کہ وہ کتنے سادے ہیں، وہ ایک بہترین انسان ہونے کے ساتھ ایک بہت اچھے اداکار بھی ہیں'۔

خیال رہے کہ دونوں اداکاروں نے گزشتہ سال اعلان کیا تھا کہ یہ دونوں ایک دوسرے کو پسند کرتے ہیں۔

جس کے بعد سے ان کی شادی کی خبریں میڈیا میں سامنے آرہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: رنبیر اور عالیہ کی شادی 2020 میں متوقع

رنبیر کپور سے شادی کرنے کے حوالے سے عالیہ بھٹ نے کہا کہ 'اس وقت اگر کوئی سوال مجھے سب سے زیادہ پریشان کرتا ہے تو وہ یہی ہے، ہر صبح میں اٹھتی ہوں اور میرے سامنے خبر آتی ہے کہ میں شادی کررہی ہوں، لیکن رنبیر کو ان سب کی عادت ہے'۔

یاد رہے کہ رنبیر کپور کا افیئر دپیکا پڈوکون اور کترینہ کیف دونوں کے ساتھ رہ چکا ہے۔

کیریئر کے آغاز میں رنبیر کپور کا تعلق دپیکا کے ساتھ رہا، تاہم بعدازاں رنبیر نے دپیکا کو چھوڑ کر کترینہ سے تعلقات استوار کرلیے۔

جس کے بعد 2016 میں کترینہ اور رنبیر کا بھی بریک اپ ہوگیا۔

دوسری جانب عالیہ بھٹ نے 2012 میں فلم 'اسٹوڈنٹ آف دی ایئر' کے ساتھ ڈیبیو کیا، جس کے بعد ان کا افیئر اس فلم کے اداکار سدھارتھ ملہوترا سے رہا۔

مزید پڑھیں: رنبیر نے عالیہ کے ساتھ اپنے تعلق کونئی محبت قرار دے دیا

تاہم رنبیر سے تعلقار استوار کرنے سے قبل عالیہ نے سدھارتھ کو چھوڑ دیا۔

عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور اس وقت ایک ساتھ اپنی پہلی فلم 'براہمسٹرا' کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، جو رواں سال ریلیز ہوگی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں