وزیر اعظم عمران خان کی 'زبردست کم بیک' پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد

اپ ڈیٹ 27 جون 2019
عمران خان نے ٹویٹ کے ذریعے قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی — فائل فوٹو / انسٹاگرام
عمران خان نے ٹویٹ کے ذریعے قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی — فائل فوٹو / انسٹاگرام

وزیر اعظم عمران خان نے کرکٹ ورلڈ کپ میں زبردست کم بیک کرنے پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارک باد دی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ 'زبردست کم بیک پر قومی کرکٹ ٹیم کو دلی مبارکباد، شاندار کارکردگی پر بابر اعظم، حارث سہیل اور شاہین آفریدی کو خصوصی مبارک۔'

واضح رہے کہ شاہین شاہ آفریدی کی شاندار باؤلنگ کے بعد بابر اعظم اور حارث سہیل کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے ورلڈ کپ کے اہم میچ میں نیوزی لینڈ کو شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی کی امیدیں روشن کر لیں۔

نیوزی لینڈ، ورلڈ کپ 2019 میں اب تک ناقابل شکست تھی جسے پاکستان کے ہاتھوں ہار کا مزہ چکھنا پڑا۔

نیوزی لینڈ نے پاکستان کو فتح کے لیے 238 رنز کا ہدف دیا جو گرین شرٹس نے 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

بابر اعظم نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 124 گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی اور رواں ورلڈ کپ میں پاکستان کی جانب سے سنچری بنانے والے پہلے کرکٹر بن گئے۔

قبل ازیں پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

تبصرے (1) بند ہیں

Malik Jun 27, 2019 09:03am
انشاءاللہ ۔ ایسے ھی ایک دن عمران خان کامیاب ھو گا اور عوام کا سہارا بنے گا