مسلم لیگ کے 15 اراکین اسمبلی کی عمران خان سے ملاقات، نعیم الحق کا دعویٰ

اپ ڈیٹ 30 جون 2019
مسلم لیگ (ن) نے مسلم لیگی رہنماؤں کی عمران خان سے ملاقات کی خبروں کی تردید کی—فائل فوٹو: ڈان نیوز
مسلم لیگ (ن) نے مسلم لیگی رہنماؤں کی عمران خان سے ملاقات کی خبروں کی تردید کی—فائل فوٹو: ڈان نیوز

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے 15 اراکین قومی اسمبلی نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں ان پر اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار پر ’مکمل اعتماد‘ کا اظہار کردیا۔

ڈان میں شائع رپورٹ کے مطابق مسلم لیگی رہنماؤں نے بنی گالا میں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے ملاقات کی۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ن میں نظریاتی فرق ہے بھی یا نہیں؟

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) نے مسلم لیگی رہنماؤں کی عمران خان سے ملاقات کی خبروں کی تردید کی۔

اس حوالے سے وزیراعظم کے خصوصی معاون نعیم الحق نے رات گئے ٹوئٹ میں تصدیق کی کہ آج وزیراعظم سے مسلم لیگی رہنماؤں کی ملاقات سے معلوم ہوتا ہے کہ مسلم لیگ ن کے اراکین قومی اسمبلی کی امیدیں اپنی پارٹی سے منشتر ہورہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے 15 اراکین قومی اسمبلی نے بنی گالامیں ڈیڑھ گھنٹہ گزارا۔

نعیم الحق نے مزید بتایا کہ ’وزیراعلیٰ پنجاب انہیں بنی گالا لائے تھے اور تمام 15 اراکین قومی اسمبلی نے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا‘۔

مزیدپڑھیں: مریم نواز کو مسلم لیگ (ن) کا نائب صدر بنانا غیر قانونی ہے، حکومت

نعیم الحق نے وزیراعظم سے ملاقات کرنے والے 15 اراکین قومی اسمبلی کے نام ظاہر نہیں کیے۔

مسلم لیگ (ن) کی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے ملاقات سے متعلق رپورٹ کو مسترد کردیا اور دعویٰ کیا کہ یہ محض ایک حربہ جس کے تحت تحریک انصاف کی حکومت لوگوں کی توجہ بجٹ سے ہٹانا چاہتی ہے جو عالمی مالیاتی ادارے نے تیار کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا پر ظاہر کیے جانے والے ناموں میں ایک نام بھی مسلم لیگ (ن) رہنما کا نہیں ہے، اگرہماری پارٹی کا کوئی رکن قومی اسمبلی کا نام آیا تو اس معاملے پر رائے دیں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں