شکیب الحسن نے سچن ٹنڈولکر کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا

06 جولائ 2019
شکیب الحسن نے ورلڈ کپ میں 2 سنچریوں اور 5 نصف سنچریوں کی مدد سے 606رنز بنائے— فوٹو: اے ایف پی
شکیب الحسن نے ورلڈ کپ میں 2 سنچریوں اور 5 نصف سنچریوں کی مدد سے 606رنز بنائے— فوٹو: اے ایف پی

بنگلہ دیش کی ٹیم متاثر کن کھیل پیش کرنے کے باوجود ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے میں ہی باہر ہو گئی لیکن شکیب الحسن نے اپنی عمدہ کارکردگی سے شائقین کے دل جیتنے کے ساتھ ساتھ سچن ٹنڈولکر کا عالمی ریکارڈ بھی توڑ دیا۔

عالمی نمبر ایک آل راؤنڈر نے ورلڈ کپ کے دوران اپنے منصب سے بھرپور انصاف کرتے ہوئے بہترین بلے بازی کے ساتھ ساتھ عمدہ بیٹنگ کا بھی مظاہرہ کیا۔

32سالہ آل راؤنڈر نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے عالمی کپ کے 9 میچوں میں 2 سنچریوں اور 5 نصف سنچریوں کی مدد سے 606 رنز بنائے اور 10 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

شکیب الحسن ورلڈ کپ میں 600 رنز بنانے والے تیسرے کھلاڑی بن گئے ہیں جہاں ان سے قبل یہ اعزاز صرف دو کھلاڑیوں کو حاصل ہے۔

آسٹریلیا کے میتھیوز ہیڈن 2007 ورلڈ کپ میں 659 جبکہ بھارت کے سچن ٹنڈولکر نے 2003 کے عالمی کپ میں 673 رنز بنائے تھے۔

شکیب نے اس عمدہ کارکردگی کی بدولت سچن ٹنڈولکر کا ایک عالمی ریکارڈ برابر اور دوسرا پاش پاش کردیا۔

شکیب الحسن نے رنز بنانے کے ساتھ ساتھ 10 وکٹیں بھی حاصل کیں— فوٹو: اے پی
شکیب الحسن نے رنز بنانے کے ساتھ ساتھ 10 وکٹیں بھی حاصل کیں— فوٹو: اے پی

شکیب نے ایونٹ میں مجموعی طور پر 7 نصف سنچریاں اسکور کیں اور اس طرح ٹنڈولکر کا یہ منفرد عالمی ریکارڈ برابر کردیا جہاں سابق عظیم بھارتی بلے باز نے 2003 ورلڈ کپ میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔

تاہم انہوں نے اس کارکردگی کی بدولت سچن ٹنڈولکر کا ایک عالمی ریکارڈ پاش پاش کردیا جو انہوں نے 2003 ورلڈ کپ میں ہی بنایا تھا۔

شکیب نے ورلڈ کپ کے گروپ میچز کے دوران تمام 606 رنز اسکور کیے اور اس طرح وہ کسی بھی ورلڈ کپ کے راؤنڈ میچز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

ان سے قبل اس اعزاز کے مالک ٹنڈولکر نے 2003 ورلڈ کپ کے راؤنڈ میچز میں 586رنز بنائے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں