'بریکنگ نیوز! سنجے منجریکر نے مجھے ٹوئٹر پر بلاک کردیا'

اپ ڈیٹ 11 جولائ 2019
رویندرا جدیجا کو تنقید کا نشانہ بنانے پر سنجے منجریکر گزشتہ دنوں خبروں کی زینت بنے رہے— تصویر بشکریہ ٹوئٹر
رویندرا جدیجا کو تنقید کا نشانہ بنانے پر سنجے منجریکر گزشتہ دنوں خبروں کی زینت بنے رہے— تصویر بشکریہ ٹوئٹر

انگلینڈ کے سابق کپتان اور معروف کمنٹیٹر مائیکل وان نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق بھارتی کرکٹر اور ممتاز مبصر سنجے منجریکر نے انہیں ٹوئٹر پر بلاک کردیا ہے۔

گزشتہ دنوں سنجے منجریکر نے بھارتی آل راؤنڈر رویندرا جدیجا کے حوالے سے ٹوئٹ میں نامناسب الفاظ استعمال کیے تھے جس پر انہیں بھارتی شائقین کرکٹ کے ساتھ ساتھ وان نے بھی تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور سابق انگلش کپتان کا دعویٰ ہے کہ انہیں منجریکر نے ٹوئٹر پر بلاک کردیا ہے۔

گزشتہ دنوں اپنی ایک ٹوئٹ میں منجریکر نے کہا تھا کہ میں ریلو کٹا کھلاڑیوں ( Bits and pieces ) کا زیادہ بڑا فین نہیں جیسا کہ اپنے کیریئر کے اس مرحلے پر 50 اوورز کی کرکٹ میں رویندرا جدیجا ہیں، ٹیسٹ میچز میں وہ ایک خاص باؤلر ہیں لیکن ون ڈے کرکٹ میں ان کی جگہ میں اسپنر یا بلے باز کھلانے کو ترجیح دوں گا۔

اس پر رویندرا جدیجا نے انہیں ترکی بہ ترکی جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس کے باوجود میں نے آپ سے دوگنے میچز کھیلے ہیں اور اب بھی کھیل رہا ہوں، ان لوگوں کی عزت کرنا سیکھیں جنہوں نے کچھ حاصل کیا ہے، میں آپ کا زبانی ڈائریا بہت زیادہ جھیل چکا ہوں۔

سنجے منجریکر کو اس بیان پر بھارت بھر میں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

تاہم بعدازاں جب سری لنکا کے خلاف میچ میں آل راؤنڈر نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کیا تو منجریکر نے اپنا بیانیہ یکسر بدلتے ہوئے جدیجا کو 'اسٹریٹ اسمارٹ کرکٹر' قرار دیا۔

صرف یہی نہیں بلکہ انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف سیمی فائنل میچ کے لیے اپنے ممکنہ کھلاڑیوں کی فہرست میں بھی جدیجا کو شامل کیا جس پر مائیکل وان نے موقع دیکھ کر منجریکر پر طنز کیا کہ 'ریلو کٹا کرکٹر کو آپ نے اپنی ٹیم میں منتخب کر لیا ہے'۔

اس پر منجریکر نے جواب دیا کہ میں نے انہیں منتخب نہیں کیا بلکہ یہ پیش گوئی کی ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں کیا ٹیم کھلائی جائے گی۔

بعد میں منجریکر نے اپنی ٹیم سیمی فائنل کے لیے چنی تو اس سے جدیجا کو ڈراپ کردیا اور ٹوئٹس میں اس کی وضاحت بھی پیش کی۔

اس تمام تر صورتحال کے دوران مائیکل وان نے انکشاف کیا کہ انہیں سنجے منجریکر نے بلا کردیا ہے اور اس کا مطلب یہ ہوا کہ اب سابق انگلش کپتان منجریکر کی کسی بھی ٹوئٹ پر سوال و جواب نہیں کر سکیں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں