برطانیہ میں کچھ لوگ مخصوص سوچ اجاگر کرنے کی کوشش کررہے ہیں، وزیر خارجہ

11 جولائ 2019
یورپی یونین میں بھی ایک خاص سوچ کو ہوا دینے کی کوشش کی جارہی ہے، شاہ محمود قریشی— فوٹو: ریڈیو پاکستان
یورپی یونین میں بھی ایک خاص سوچ کو ہوا دینے کی کوشش کی جارہی ہے، شاہ محمود قریشی— فوٹو: ریڈیو پاکستان

لندن: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ برطانیہ میں کچھ لوگ مخصوص سوچ اجاگر کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

لندن میں متحدہ پشتون سوسائٹی کی افتتاحی تقریب میں شرکت اور پاکستانی برادری سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آپ نے حب الوطنی کا جو بیج بویا ہے اس کے ثمرات سب کھائیں گے اور محسوس بھی کریں گے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کی بڑی تعداد میں سے 15 لاکھ صرف برطانیہ میں رہائش پذیر ہیں، یہ 15 لاکھ یکجا، منظم اور ایک آواز بن جائیں تو انتشار کا بیج بونے کی خواہش مند قوتیں کبھی کامیاب نہیں ہوسکتیں۔

انہوں نے کہا کہ سمجھنا ہوگا کہ برطانیہ میں کچھ لوگ مخصوص سوچ اجاگر کرنے کی کوشش کررہے ہیں، یورپی یونین میں بھی ایک خاص سوچ کو ہوا دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ کون کررہا ہے؟ ان کے مقاصد کیا ہیں؟ یہ کیا حاصل کرنا چاہتے ہیں؟ ان سوالات کی تہہ تک جانا ہوگا۔

مزید پڑھیں: وزیر اعظم بننے کی خواہش نہیں، شاہ محمود قریشی

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ان سوالوں کی تہہ تک ہم پہنچ جائیں تو دشمنوں کے عزائم خاک میں مل جائیں گے اور ان کے ارادے بے نقاب ہوجائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں تاریخ سے سبق حاصل کرنا چاہیے، تاریخ سے نہ سیکھا تو ہم غلطی کریں گے ۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ تحریک پاکستان میں قائد اعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں پختونوں، بلوچوں، سندھیوں، پنجابیوں کے ساتھ ساتھ بنگالیوں نے بھی بہت بڑا حصہ ملایا تھا، تاریخ کا یہ حصہ ہے کہ وہ تحریک پاکستان کا حصہ تھے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کو نیچا دکھانے کی خواہش رکھنے والی قوتوں نے وہاں انتشار کے بیج بوئے اور نفرت کو ہوا دی ۔ انہوں نے کہا کہ باخبر رہنا ہمارا فرض ہے، توقع کرتا ہوں کہ برطانیہ میں رہائش پذیر 15 لاکھ پاکستانی، ملکی مفادات کے تحفظ میں اپنا کردار اسی قومی جذبے سے ادا کرتے رہیں گے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ کسی بھی سیاسی جماعت سے وابستگی آپ کا جمہوری حق ہے جس کا ہم احترام کرتے ہیں لیکن پاکستان، نظریہ پاکستان،سوچ اور مفادات کو سب چیزوں پر فوقیت دیتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاک امریکا تعلقات نیا رخ اختیار کرنے والے ہیں، شاہ محمود قریشی

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اس جذبے سے مل کر نکلیں گے تو ہماری صفوں میں نہ صرف یک جہتی ہوگی بلکہ انتشار پھیلانے والے بھی ناکام ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں پر فخر ہے، 50 کی دہائی میں معاشی مجبوریوں کی وجہ سے کئی خاندان یہاں آباد ہوئے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ان پاکستانیوں نے محنت سے نہ صرف یہاں گھر بنائے بلکہ اہلیت کی بنیاد پر یہاں کے معاشرےمیں عزت بھی کمائی، ان میں سے ہی کئی لوگ یا ان کی اولادیں منتخب ہوکر برطانیہ کے ایوان عام اور خاص کے ارکان ہیں ۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بہت سے پاکستانی ایسے ہیں جنہوں نے برطانیہ میں مئی میں منعقد بلدیاتی انتخابات میں اپنا وجود تسلیم کرایا۔

ان کا کہنا تھا کہ بہت سے پاکستانی بچے ایسے ہیں جنہوں نے یہاں کے بچوں کے ساتھ مقابلہ کرکے اہلیت کی بنیاد پر برطانیہ کی اعلی ترین یونیورسٹیوں میں اعلی مقام حاصل کیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ڈاکٹر، وکیل، پروفیسرز، محقق، انجینئرز اور مختلف شعبوں میں یہ قابل فخر پاکستانی فرائض انجام دے رہے ہیں، چھوٹے کاروبار کررہے ہیں۔

مزید پڑھیں: حکومت گرانا مسئلے کا حل ہوتا تو کوئی حکومت نہ چل سکتی، وزیر خارجہ

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حصول تعلیم کے دوران کیمبرج میں جب میں پڑھتا تھا تویہاں قائم چھوٹے سے پاکستانی ریستوران میں دیسی کھانا کھانے جایا کرتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اس چھوٹے سے ریستوان کے مالک نے محنت سے بچے پڑھائے، فخر سے مجھے بتایا کہ پاکستان کے سب سے اعلی وباوقار تعلیمی ادارے ایچی سن میں اس نے اپنے بچے کا داخلہ کروایا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ یہاں والدین ذاتی قربانیوں، جذبہ و محنت سے اگلی نسل کے لئے ترقی کے دروازے کھولنےکے لیے کوشاں ہیں، ان سب پر فخر ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں پر معیشت کا انحصار ہے، پاکستان کی کل برآمدات جتنا غیرملکی زرمبادلہ بیرون ملک مقیم پاکستانی وطن عزیز بھجواتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: شاہ محمود قریشی اور سشما سوراج کی ملاقات پر بھارت رضامند

انہوں نے کہا کہ ہمیں اعتراف کرنا چاہیے کہ بیرون ملک پاکستانی قومی معیشت کا پہیہ چلانے میں کلیدی کردار ادا کررہے ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح وبہبود، ترقی اور سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت، پاکستان کو بہتر، خوشحال اور ترقی یافتہ بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کررہی ہے ۔

متحدہ پشتون سوسائٹی کی افتتاحی تقریب کے موقع پر وزیرخارجہ نے تقریب کے منتظمین کو خراج تحسین پیش کیا، تقریب میں پشتون شہریوں کی بھی بڑی تعداد میں شرکت، وزیر خارجہ کو روایتی پشتون پگڑی پہنائی گئی۔

برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر نفیس ذکریا اور دیگر نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔

تبصرے (0) بند ہیں