آئی سی سی کی ورلڈ کپ 2019 کی ٹیم کا اعلان

اپ ڈیٹ 19 جولائ 2019
ورلڈ کپ الیون کی قیادت نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کو سونپی گئی ہے— فوٹو: اے پی
ورلڈ کپ الیون کی قیادت نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کو سونپی گئی ہے— فوٹو: اے پی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) نے ورلڈ کپ 2019 کے بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم کا اعلان کردیا ہے جس میں کوئی بھی پاکستانی کھلاڑی جگہ نہ بنا سکا۔

اتوار کو سنسنی خیز ورلڈ کپ فائنل کے بعد انگلینڈ کے چیمپیئن کے ساتھ ہی عالمی کپ اپنے اختتام کو پہنچا۔

عالمی کپ کے اختتام کے ساتھ ہی آئی سی سی نے ایونٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔

اس ٹیم میں کوئی بھی پاکستانی کھلاڑی جگہ بنانے میں کامیاب نہیں ہو سکا جبکہ جنوبی افریقہ، افغانستان، ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کا بھی کوئی کھلاڑی اس ٹیم میں شامل نہیں ہے۔

عالمی کپ میں زیادہ اچھی کارکردگی نہ دکھانے پر بھارت کے کپتان ویرات کوہلی بھی ٹیم کا حصہ نہ بن سکے۔

اس ٹیم کی قیادت نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کو سونپی گئی ہے جنہیں ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

بحیثیت اوپنر ایونٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے روہت شرما کا انتخاب کیا گیا جبکہ ان کے پارٹنر کے فرائض جیسن روئے کے حصے میں آئے۔

تیسرے نمبر پر کین ولیمسن جبکہ چوتھے نمبر پر بنگلہ دیش کے آل راؤنڈر شکیب الحسن ہیں جنہوں نے 600 سے زائد رنز بنانے کے ساتھ ساتھ 11 وکٹیں بھی لیں۔

بین اسٹوکس بھی فائنل سمیت ایونٹ میں چند اہم اننگز کھیلنے پر ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے جبکہ انگلش بلے باز جو روٹ بھی فہرست کا حصہ ہیں۔

ٹیم میں وکٹ کیپر کے طور پر ایلکس کیری کو شامل کیا گیا ہے جنہوں نے ایونٹ میں متعدد مواقعوں پر اہم اننگز کھیل کر آسٹریلین ٹیم کی ناؤ پار لگائی۔

باؤلرز میں ایونٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے آسٹریلیا کے مچل اسٹارک کے ساتھ ساتھ بھارت کے جسپریت بمراہ، نیوزی لینڈ کے لوکی فرگیوسن اور انگلینڈ کے جوفرا آرچر شامل ہیں۔

ٹیم میں کسی بھی اسپنر کو شامل نہیں کیا گیا جبکہ 12ویں کھلاڑی کے طور پر ٹرینٹ بولٹ کا انتخاب کیا گیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں