سری لنکن کرکٹ کا سیکیورٹی وفد اگست میں پاکستان کا دورہ کرے گا

22 جولائ 2019
سری لنکا اور پاکستان کے درمیان اکتوبر میں دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز شیڈول ہے— فائل فوٹو: اے پی
سری لنکا اور پاکستان کے درمیان اکتوبر میں دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز شیڈول ہے— فائل فوٹو: اے پی

ملک میں ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی اور سری لنکن ٹیم کے دورہ پاکستان کو یقینی بنانے کے لیے سری لنکا کا سیکیورٹی وفد اگست میں پاکستان کا دورہ کرے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کی جانب سے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اس پیشرفتے سے آگاہ کیا گیا تاہم یہ واضح نہیں کہ سری لنکن وفد کس تاریخ کو دورہ کرے گا۔

ٹوئٹ میں کہا گیا کہ سری لنکا کرکٹ بورڈ نے پی سی بی کو سیکیورٹی وفد بھجوانے کی یقین دہانی کرادی ہے، سری لنکا کرکٹ بورڈ کا وفد اگست میں پاکستان آئے گا۔

اس حوالے سے مزید کہا گیا کہ وفد کی پاکستان آمد کے بارے میں حتمی تاریخوں کا اعلان جلد کردیا جائے گا، پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ سریز اکتوبر میں شیڈول ہے۔

پی سی بی سیریز کے دو ٹیسٹ میں سے ایک کے پاکستان میں انعقاد کا خواہاں ہے اور اس سلسلے میں سری لنکن بورڈ کو قائل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

یاد رہے کہ مارچ 2009 میں سری لنکن ٹیم پر لاہور میں دہشت گرد حملے کے بعد پاکستان پر عالمی کرکٹ کے دروازے بند ہو گئے تھے اور اس کے بعد قومی ٹیم نے کوئی بھی ٹیسٹ میچ اپنی سرزمین پر نہیں کھیلا۔

تاہم پاکستان سپر لیگ کے میچز کے ملک میں کامیاب انعقاد کی بدولت جزوی طور پر عالمی کرکٹ بحال ہوئی اور زمبابوے کی ٹیم کے بعد ورلڈ الیون نے پاکستان آ کر میچز کھیلے جبکہ ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کی ٹیموں نے بھی پاکستان میں محدود اوورز کے میچز کھیلے۔

ان میچز کے بہترین سیکیورٹی کی موجودگی میں کامیاب انعقاد سے مستقبل میں پاکستان میں عالمی کرکٹ کی بحالی کی راہ ہموار ہوئی اور پی سی بی نے دیگر ملکوں کو بھی پاکستان آ کر میچز کھیلنے کی دعوت دی۔

بورڈ نے گزشتہ سال آسٹریلیا کو بھی ون ڈے سیریز کے چند میچز پاکستان آ کر میچز کھیلنے کی دعوت دی تھی لیکن کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے اس پیشکش کو مسترد کردیا گیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں