حسن علی نے بھارت کی سامعہ سے شادی کی تصدیق کردی

اپ ڈیٹ 06 اگست 2019
حسن علی نے بتایا کہ ان کا سامعیہ سے نکاح 20اگست کو ہو گا— فائل فوٹو: رائٹرز
حسن علی نے بتایا کہ ان کا سامعیہ سے نکاح 20اگست کو ہو گا— فائل فوٹو: رائٹرز

قومی ٹیم کے نوجوان فاسٹ باؤلر حسن علی نے ہندوستانی لڑکی سے شادی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا سامعہ سے نکاح 20 اگست کو ہو گا۔

گزشتہ دنوں یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ حسن علی بھارتی ریاست ہریانہ کی رہائشی سامعہ آرزو سے شادی کرنے والے ہیں اور 20 اگست کو دونوں کی شادی ہو گی۔

مزید پڑھیں: حسن علی کی اپنی شادی کے حوالے سے خبروں کی وضاحت

نوجوان فاسٹ باؤلر نے اس خبر کی وضاحت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ابھی شادی کا کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا البتہ آج انہوں نے باقاعدہ پریس کانفرنس کر کے اپنی شادی کی تصدیق کی۔

نوجوان فاسٹ باؤلر نے گوجرانوالہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شادی کی خبر سچ ہے اور شادی کرنے جارہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میں جن سے شادی کرنے جا رہا ہوں ان کا نام سامعہ ہے اور 20 اگست کو دبئی میں نکاح ہوگا۔

حسن علی نے بتایا کہ ان کی دلہن کی رخصتی دو یا تین مہینے بعد ہوگی جبکہ ولیمہ پاکستان میں ہوگا۔

چیمپیئنز ٹرافی کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ جیتنے والے فاسٹ باؤلر نے بتایا کہ ہم دونوں ایک سال پہلے دبئی میں ملے تھے جس کے بعد بات چیت کا سلسلہ شروع ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: کرکٹر عماد وسیم بھی شادی کے لیے تیار

'میں نے اپنی فیملی سے بات کی جس کے بعد میرے بھائی اور بھابھی ان سے ملے، میں نے اپنے بھائی سے کہا کہ میں سامعیہ سے شادی کرنا چاہتا ہوں جس پر انہوں نے کہا کہ ہمیں کوئی مسئلہ نہیں ہے'۔

حسن نے بتایا کہ میں نے اس بارے میں سب سے پہلے اپنے بھائی کو بتایا اور میری زندگی کے سارے اہم فیصلے میرے بھائی عطاالرحمٰن لیتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں قومی ٹیم کے اسٹار نے کہا کہ میرے اور سامعہ کے اہلخانہ کا دباؤ ہے جس کے سبب میں ان کی تصویر آپ لوگوں سے شیئر نہیں کر سکتا لیکن 20اگست کو سب کو پتہ چل جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ شادی میں وہ پاکستانی اسٹائل کی کالی اور لال شیروانی پہنیں گے جبکہ ان کی دلہن روایتی انڈین ڈریس پہنیں گی۔

جب فاسٹ باؤلر سے سوال کیا گیا کہ آپ شادی کے بعد مستقل رہائش کہاں رکھیں گے تو انہوں نے جواب دیا کہ ہم گوجرانوالہ میں اسی گھر میں رہیں گے۔

حسن علی نے انکشاف کیا کہ سامعیہ سے محبت کا اظہار انہوں نے کیا تھا اور انہیں پاکستان میں ان جیسی کوئی لڑکی پسند نہیں آئی۔

تبصرے (0) بند ہیں