عید پر مزیدار بیف نہاری کچھ اس انداز سے بنائیں

دراصل دھیمی آنچ پر پکائے جانے والے کھانوں کا ذائقہ روزمرہ کے کھانوں سے مختلف ہوتا ہے:
فوٹو/ پلے فل کوکنگ ڈاٹ  کام
دراصل دھیمی آنچ پر پکائے جانے والے کھانوں کا ذائقہ روزمرہ کے کھانوں سے مختلف ہوتا ہے: فوٹو/ پلے فل کوکنگ ڈاٹ کام

بقر عید آرہی ہے گوشت ہی گوشت لارہی ہے تو اس عید پر مزیدار نہاری کچھ اس انداز سے بنائیں اور نئے ذائقے کا لطف اٹھائیں۔

اگر آپ کراچی کے رہنے والے ہیں تو صابری، زاہد، جاوید اور وحید نہاری سمیت مشہور نہاری سے واقف ہوں گے۔

نہاری کا ذائقے میں ہم آپ کو کچھ ایسا بتاتے ہیں جس سے آپ شاید واقف نا ہوں کہ اس کا مزیدار ذائقہ، رنگ، خوشبو کیسے آتا ہے اور اتنی کیوں پسندکی جاتی ہے۔

دراصل دھیمی آنچ پر پکائے جانے والے کھانوں کا ذائقہ روزمرہ کے کھانوں سے مختلف ہوتا ہے اور اس کے پیچھے بھی ایک سائنس ہے۔

نہاری کا ذائقہ اس کی تیاری میں استعمال ہونے والے گوشت (بونگ) کو دھیمی آنچ پر پکانے کی وجہ سے آتا ہے جسے روزانہ کی بنیاد پر پکائے جانے والے کھانوں میں نظر انداز کردیا جاتا ہے۔

نہاری تیار کرنے کا طریقہ آج بھی کم و بیش وہی ہے جو کہ ابتدائی دنوں میں تھا۔

اس زمانے میں، دیگ کا ڈھکن ڈھانکنے کے بعد اس کے کناروں پر آٹے کی لئی لگا دی جاتی تھی تا کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت برقرار رکھا جا سکے اور بھاپ سے آھستہ آھستہ پکائی بھی ہوتی رہے۔

گوشت کو ہلکا سا تلنے کے بعد، اس میں خوشبودار مصالحے ڈال کر آھستہ آھستہ گلنے اور ان مصالحوں کی خوشبو اپنے اندر سمو لینے کے لیے چھوڑ دیا جاتا۔

انتہائی نرمی سے گوشت میں ان مصالحوں کا ذائقہ رچ بس جاتا، جیسے کوئی کسی کو لبھانے کی کے لئے جادو کر رہا ہو۔

لفط نہاری، عربی لفظ نہار سے نکلا ہے جس کے معنی ہوتے ہیں صبح لہٰذا نہاری نام سے یہ سمجھ میں آتا ہے کہ اسے صبح کے ناشتے میں استعمال کیا جاتا تھا۔

یہاں آپ نہاری بنانے کا کچھ الگ اور مزیدار طریقہ جان سکتے ہیں۔

نہاری

اجزا

مصالحہ 1

چوتھائی کپ تیل

2 کلو گوشت

نمک حسب ذائقہ

3 چمچ گرم مصالحہ پاؤڈر

3 چائے کے چمچ سرخ مرچ پاؤڈر

4 چائے کے چمچ دھنیا پاؤڈر

ادرک ڈیڑھ کھانے کا چمچ

لہسن ڈیڑھ کھانے کا چمچ

ڈیڑھ چائے کا چمچ ہلدی پاؤڈر

آٹا 6 کھانے کے چمچ

2 درمیانی سائز کے پیاز، کٹے ہوئے(چوتھائی کپ تیل پیاز فرائی کرنے کے لیے)

نہاری مصالحہ 2

(ان اجزا کو باریک پیس لیں) پپلی 2 عدد

ڈھائی کھانے کے چمچ ثابت دھنیا

ڈھائی چائے کے چمچ جاوتری پاؤڈر

آدھا چائے کا چمچ جاوتری پاؤڈر

تیز پات 2 عدد

دارچینی 2 عدد

بڑی الائچی 4 عدد

لونگ 20 عدد

چھوٹی الائچی 10عدد

ایک چائے کا چمچ زیرہ

ایک کھانے کا چمچ کالی مرچ

4 کھانے کے چمچ سونف

چوتھائی چائے کا چمچ بادیان کا پھول

گارنش کیلئے

تازہ دھنیا

تازہ ہری مرچ

ادرک

لیموں

تلی ہوئی پیاز

طریقہ کار

تیل گرم کریں اور چند منٹ تک تیزآنچ پر گوشت کی بھنائی کریں۔

گوشت میں آٹے اور پیاز کے علاوہ مصالحہ 1 کے اجزا شامل کریں اور گوشت میں صحیح طریقے سے جذب ہونے تک تیز آنچ پر پکائیں۔

گوشت میں 10 گلاس پانی شامل کریں، 4 گلاس پانی میں آٹا حل کریں اور گوشت میں شامل کریںاور تیز آنچ پر پکائیں۔

ابلتے ہوئے اجزا میں ' نہاری مصالحہ 2" شامل کریں اور نہاری کو 6 سے 7 گھنٹے تک دھیمی آنچ پر پکنے دیں۔

کٹی ہوئی پیاز کو سنہری ہونے تک فرائی کریں، نہاری میں شامل کریں اور مزید 15 سے 20 منٹ تک پکائیں، دھنیا، لیموں، ادرک چھڑک کر گرما گرم نان کے ساتھ پیش کریں


یہ مضمون ڈان ای او ایس میں شائع ہوا

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں