'جیمز بانڈ' کی 25ویں فلم کو آخر کار نام مل ہی گیا

اپ ڈیٹ 21 اگست 2019
فلم کا نام 'نو ٹائم ٹو ڈائے' رکھا گیا ہے —فوٹو/ اسکرین شاٹ
فلم کا نام 'نو ٹائم ٹو ڈائے' رکھا گیا ہے —فوٹو/ اسکرین شاٹ

ہولی وڈ کی جاسوسی سے متعلق معروف زمانہ فلم سیریز جیمز بانڈ کی 25 ویں فلم کے نام کا آخر کار اعلان کردیا گیا جس کی ریلیز کی نئی تاریخ کا اعلان بھی کردیا گیا۔

فلم کے پروڈیوسرز نے سوشل میڈیا پر اعلان کیا کہ اس نئی فلم کا نام 'نو ٹائم ٹو ڈائے' رکھا گیا ہے، جو اپریل 2020 میں ریلیز ہوگی۔

پروڈیوسرز کے مطابق فلم برطانیہ میں 3 اپریل 2020 کو جبکہ امریکا سمیت دنیا بھر میں 8 اپریل 2020 کو ریلیز ہوگی۔

جیمز بانڈ کی 25 ویں فلم میں برطانوی اداکار ڈینیئل کریگ ایک مرتبہ پھر جاسوس کا مرکزی کردار نبھاتے نظر آئیں گے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل رپورٹس تھیں کہ فلم رواں سال نومبر میں ریلیز کے لیے پیش کردی جائے گی لیکن شوٹنگ میں تاخیر کے باعث اب اسے اگلے سال ریلیز کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: جیمز بانڈ فلم سیریز کو نیا ایجنٹ مل گیا

اس فلم کی شوٹنگ لندن، اٹلی اور نوروے میں کی گئی۔

خیال رہے کہ جیمز بانڈ میں جاسوس یا ایجنٹ کا کردار برطانوی خفیہ ایجنسی ایم آئی سکس کے اہلکار کے طور پر ہوتا ہے جو کئی خطرناک منصوبوں پر کام کرتا ہے۔

اس کردار کو منشیات اور جرائم فروشوں کے بڑے بڑے گروپوں کا سامنا کرتے دکھایا جاتا ہے، اس مرتبہ ایجنٹ یا جاسوس کا کردار ریمی ملک سے مقابلہ کرتے دکھائی دے گا۔

ریمی ملک فلم میں ولن بنیں گے
ریمی ملک فلم میں ولن بنیں گے

جیمز بانڈ کی 25 ویں فلم میں ریمی ملک ولن کا کردار ادا کرتے دکھائیں دیں گے۔

رپورٹس کے مطابق اس فلم کی کہانی میں جیمز بانڈ کے کردار کو ریٹائر ہوکر ایک عام زندگی گزارتے دکھایا جائے گا، اس موقع پر سی آئی اے سے تعلق رکھنے والے ایک دوست ان سے مدد مانگیں گے۔

فلم میں جیمز بانڈ اغوا ہونے والے ایک سائنسدان کو تلاش کریں گے اور اس موقع پر انہیں کئی خطرناک لوگوں اور نئی ٹیکنالوجی کے ہتھیاروں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

سیریز کی 25 ویں فلم 5 سال کے وقفے کے بعد ریلیز کی جائے گی، جیمز بانڈ کی 24 ویں فلم ’اسپیکٹر‘ 2015 میں ریلیز کی گئی تھی، اس سے پہلے 2012 میں اسی سیریز کی 23 ویں فلم ’اسکائی فال‘ ریلیز کی گئی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں