سبزیوں کی بات کی جائے تو لوگوں کو چقندر کھانا بے حد پسند ہے، یہ چٹپٹی سبزی چاول اور روٹی دونوں کے ساتھ بے حد مزیدار لگتی ہے۔

لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ اس خوبصورت رنگ کی سبزی کے کئی فوائد بھی ہیں، جسے کھانا یقیناً ایک بہتر انتخاب ہوگا۔

یوں تو چقندر کی پیداوار موسم سرما میں ہوتی ہے مگر یہ گرمیوں میں بھی بازار میں باآسانی دستیاب ہوتے ہیں، چقندر کی 4 خصوصیات درج ذیل ہیں جن سے آپ بھی مستفید ہوسکتے ہیں۔

حاملہ خواتین کے لیے مفید

خواتین سے متعلق امراض کے ڈاکٹرز حاملہ خواتین کو چقندر کھانے کا مشورہ دیتے ہیں کیوں کہ اس میں بڑی تعداد میں آئرن موجود ہوتا ہے جو ریڈ بلڈ سیلز بنانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے اور اکثر حاملہ خواتین کے اندر ان کی کمی ہوجاتی ہے۔

مجموعی طور پر صحت کے لیے مفید

چقندر میں مینگانیز اور بیٹین بڑی تعداد میں موجود ہوتا ہے جس سے نروس سسٹم بہتر انداز میں کام کرتا ہے۔ چقندر کو لال رنگ دینے والے اجزا بیٹالین اور ویٹامن سی قوت مدافعت میں اضافہ کرتے ہیں اور بیماریوں سے بچنے میں کردار ادا کرتے ہیں، یہ کینسر سیلز کو جنم لینے سے بھی روکتے ہیں، اس کے علاوہ یہ جوائنڈس، فوڈ پوائزننگ اور ہیپاٹائٹس جیسی بیماریوں کی شدت کم کرنے میں بھی مدد کرتا ہے۔

ریلیکس رکھنے میں مدد کرتا ہے

ایک تھکا دینے والے دن کے بعد چقندر سے بنی چائے آپ کو سکون فراہم کرے گی کیوں کہ اس میں ایسے ایجنٹس شامل ہوتے ہیں جو نرو سیلز کو ریلیکس کرتے ہیں اور اس کو پینے سے جسم میں ایک ایسے ہارمون کا اجرا ہوتا ہے جسے خوشی اور سکون پہنچانے سے منسوب کیا جاتا ہے۔

بلڈ پریشر کنٹرول کرتا ہے

مانا جاتا ہے روز صبح اٹھ کر ایک گلاس چقندر کے شربت سے بلڈ پریشر کنٹرول میں آجاتا ہے اور خاص کر ہائی بلڈ پریشر کے مریضوں کے لیے یہ انتہائی مفید ہے، اس کے علاوہ یہ دل کے امراض میں بھی فائدہ مند ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں