فیس بک میں ایک دہائی بعد خاموشی سے بڑی تبدیلی

28 اگست 2019
— فوٹو بشکریہ بزنس انسائیڈر
— فوٹو بشکریہ بزنس انسائیڈر

فیس بک کو دنیا بھر میں سوا 2 ارب سے زائد افراد استعمال کرتے ہیں، مگر ان میں سے کتنے ایسے ہیں جو اس سائٹ سے لاگ آف ہونے کی زحمت کرتے ہیں؟

اگر آپ بھی ان میں سے ایک ہیں جو کبھی لاگ آف نہیں ہوئے تو دنیا کی مقبول ترین سماجی رابطے کی ویب سائٹ نے اپنے ہوم پیج کے سلوگن میں خاموشی سے تبدیلی کردی ہے۔

بزنس انسائیڈر کی رپورٹ کے مطابق اس سے پہلے فیس بک کی ٹیگ لائن تھی 'یہ مفت ہے اور ہمیشہ رہے گی'تاکہ صارفین کو بتایا جاسکے کہ اس سائٹ کا صارف بننے پر کوئی خرچہ نہیں ہوگا۔

مگر ایک دہائی سے زائد عرصے کے بعد پہلی بار اس کو بدل دیا گیا ہے بلکہ اسے انتہائی خاموشی سے 6 اور 7 اگست کے درمیان بدل کر اسے 'کوئیک اینڈ ایزی' کردیا گیا ہے۔

نیچے اسکرین شاٹ میں آپ اوریجنل سلوگن کو دیکھ سکتے ہیں۔

فوٹو بشکریہ انسائیڈر
فوٹو بشکریہ انسائیڈر

تاہم 7 اگست کے بعد اسے بدل دیا گیا اور مفت ہونے کے نعرے کو کوئیک اینڈ ایزی کردیا گیا۔

اب اس کی وجہ کیا ہے وہ تو کمپنی نے نہیں بتائی مگر فیس بک نے اپنی روایتی سوچ کو ضرور خیرباد کہہ دیا ہے جو عرصے سے کہتی آئی ہے کہ یہ ویب سائٹ استعمال کے لیے مفت ہے اور اشتہارات ہی اس کا ذریعہ آمدنی ہیں۔

تاہم اس کمپنی کو صارفین کے ڈیٹا کے غلط استعمال کے مختلف اسکینڈلز کے باعث کافی مشکلات کا سامنا ہوا اور بظاہر اسی وجہ سے فیس بک نے مفت استعمال کے نکتے سے دستبردار ہونا قبول کرلیا ہے، کیونکہ ایسا کرکے وہ ٹارگٹڈ اشتہارات کو فروخت کرسکے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں