’کپتانی سے متعلق مجھ سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا‘

29 اگست 2019
اظہر علی ون ڈے کرکٹ میں بھی واپسی پر غور کر رہے ہیں۔ — فائل فوٹو: ڈان نیوز
اظہر علی ون ڈے کرکٹ میں بھی واپسی پر غور کر رہے ہیں۔ — فائل فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان کے تجربہ کار ٹیسٹ کرکٹر اظہر علی کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کا کپتان بننے کے لیے ابھی تک ان سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا، تاہم اگر پی سی بی نے فیصلہ لیا تو اس بارے میں وہ ضرور سوچیں گے۔

خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میں مستقبل میں قومی ٹیم کے لیے تینوں فارمیٹ میں علیحدہ علیحدہ کپتان مقرر کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔

واضح رہے کہ اظہر علی مختصر دورانیے کی کرکٹ سے ریٹائر ہوچکے ہیں تاہم طویل دورانیے کی کرکٹ کے لیے وہ اب بھی ٹیم کے لیے دستیاب ہوں گے۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اظہر علی کا کہنا تھا کہ انہیں اب تک ٹیسٹ ٹیم کا کپتان بنانے سے متعلق کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔

مزید پڑھیں: ہیڈ کوچ سمیت ٹیم انتظامیہ کے انتخاب کیلئے 5 رکنی پینل تشکیل

انہیں ممکنہ طور پر کپتانی دینے سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے اظہر علی کا کہنا تھا کہ جب پی سی بی یہ فیصلہ لے گا تو میں اس بارے میں سوچوں گا۔

اظہر علی کا کہنا تھا کہ ’میں نے جب مختصر دورانیے کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا اس وقت یہی کہا تھا کہ میں ڈومیسٹک میں تمام ترز کی کرکٹ کھیلتا رہوں گا۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے پاس ٹیسٹ کرکٹ بہت کم ہے، اگر ڈومیسٹک میں نہیں کھیلوں گا تو ٹیسٹ کرکٹ کے لیے فارم بحال رکھنا بہت مشکل ہوجائے گا۔

جب ان سے سوال کیا گیا کہ کیا اگر آپ کو ون ڈے ٹیم میں دوبارہ واپسی کی دعوت دی گئی تو آپ کیا فیصلہ کریں گے جس پر انہوں نے جواب دیا کہ ’میں نے ابھی اس بارے میں کچھ سوچا ہی نہیں ہے‘۔

یہ بھی پڑھیں: مصباح کرکٹ کمیٹی سے مستعفی، ہیڈ کوچ کیلئے درخواست دے دی

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگر پاکستانی ٹیم کو ون ڈے کرکٹ میں میری ضرورت ہوئی تو میں اس بارے میں سنجیدگی سے سوچوں گا۔

ٹیسٹ کرکٹر کا کہنا تھا کہ جب سینئر کھلاڑی ٹیم کو چھوڑ کر جاتے ہیں تب ٹیم کی کارکردگی پر واضح فرق پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم کا تسلسل واپس آرہا ہے، تاہم اگر ٹیم آسٹریلیا، انگلینڈ اور جنوبی افریقہ میں نہیں جیتے گی تو رینکنگ بہتر نہیں ہوسکتی اور وہاں جا کر اچھی کرکٹ کھیلنے کی ضرورت ہے۔

حالیہ ایشز سیریز میں بین اسٹوکس کی میچ گر اننگز پر پوچھے گئے سوال پر اظہر علی کا کہنا تھا کہ ایسا کھلاڑی ڈھونڈنے میں کافی وقت لگتا ہے، تاہم پاکستان میں مستقبل میں ایسا کھلاڑی ضرور نظر آئے گا۔

مزید پڑھیں: اعجاز احمد 3سال کیلئے قومی انڈر19 ٹیم کے ہیڈ کوچ مقرر

ورلڈکپ میں پاکستان ٹیم کی پرفارمنس پر پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ میں متعدد مرتبہ کہہ چکا ہوں کہ پاکستان ٹیم کی پرفارمنس بری نہیں تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ ورلڈکپ کے پہلے میچ میں عبرتناک شکست کی وجہ سے پاکستان ٹورنامنٹ سے باہر ہوا۔

انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ پاکستان کا ون ڈے کرکٹ میں مستقبل روشن دکھائی دے رہا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں