'کلبھوشن یادیو کی زندگی پر مبنی فلم کا حصہ نہیں'

17 ستمبر 2019
صبا قمر اس وقت کملی نام کی فلم میں کام کررہی ہیں —فوٹو/ اسکرین شاٹ
صبا قمر اس وقت کملی نام کی فلم میں کام کررہی ہیں —فوٹو/ اسکرین شاٹ

پاکستان کی نامور اداکارہ صبا قمر نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی زندگی پر مبنی فلم کا حصہ بننے کی افواہوں کو بےبنیاد ٹھہرا دیا۔

خبریں تھی کہ اداکارہ بھارتی جاسوس کی زندگی پر مبنی فلم میں اہم کردار نبھاتی نظر آئیں گی، البتہ اداکارہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انکار کرتے ہوئے لکھا کہ وہ ایسی کسی فلم کا حصہ نہیں بن رہیں۔

اپنی ٹویٹ میں اداکارہ نے لکھا کہ 'مجھے ہمیشہ یہ بات کافی مزاحیہ لگتی ہے کہ میں پتا نہیں کون کون سی فلمیں سائن کرلیتی ہوں جن کی مجھے خبر بھی نہیں ہوتی'۔

مزید پڑھیں: کلبھوشن یادیو کون ہے؟

صبا قمر کے مطابق 'ایمانداری سے، اگر میں کوئی فلم کروں گی تو خود اس کا اعلان کروں گی، میں اس لیے ہی یہاں ہوں، میں اس وقت صرف کملی فلم کررہی ہوں، اس لیے ایسی جھوٹی خبریں ریٹنگ کی خاطر شیئر کرنا بند کریں'۔

واضح رہے کہ صبا قمر سے متعلق اس افواہ کو سوشل میڈیا پر بھیلانے والی ویب سائٹ نے بھی وضاحت کرتے ہوئے لکھا کہ 'پروجیکٹ میں موجود تین افراد نے اس خبر کی تصدیق کی، ہم نے خبر پوسٹ کرنے سے قبل آپ سے رابطہ کرنے کی کوشش بھی کی، ہم کبھی جھوٹی خبریں پوسٹ نہیں کرتے اور ہماری خبر میں فلم کے پروڈیوسر کی تصدیق بھی موجود ہے، اس لیے برائے مہربانی آپ ان سے سوال کریں ہم سے نہیں'۔

اس پر اداکارہ نے لکھا کہ 'آپ کو پروجیکٹ میں موجود تین لوگوں نے تصدیق کی لیکن میں نے ہیں، آپ نے مجھ سے رابطہ کرنے کا جو دعویٰ کیا وہ بھی غلط ہے، میرے پاس آپ کا کوئی پیغام نہیں آیا'۔

صبا قمر نے مزید لکھا کہ 'میں عوام کے سامنے اس خبر سے انکار اس لیے کررہی ہوں کیوں کہ آپ نے میرے نام کا استعمال کیا وہ بھی میری اجازت کے بغیر'۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ صبا قمر کے علاوہ شمعون عباسی کے متعلق بھی ایسی خبریں سامنے آئیں کہ وہ کلبھوشن یادیو کی زندگی پر مبنی فلم کا حصہ بننے جارہے ہیں، البتہ سوشل میڈیا پر اداکار نے ان خبروں کو بےبنیاد قرار دیا اور کہا کہ پروڈیوسرز کو پہلے اداکاروں سے بات کرنی چاہیے اور اس کے بعد میڈیا میں خبریں پھیلانی چاہیے۔

صبا قمر کے حوالے سے بات کی جائے تو اداکارہ اس وقت سرمد کھوسٹ کی جانب سے بنائی جانے والی فلم 'کملی' میں مصروف ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں