نان خطائی ایک مخصوص دیسی بسکٹ ہے، جس کی منہ میں گھل جانے والی ساخت ایسی عادت ڈال دینے والی ہوتی ہے کہ اسے کھانے والا اس کا دیوانہ ہو جاتا ہے۔

الائچی اور پستوں کا تازہ تندور میں پکے آٹے اور مکھن کا امتزاج گھر کو مہکا کر سب کو نان خطائی کھانے پر مجبور کردے گا۔

اس منفرد بسکٹ کے حوالے سے کہا جاتا ہے کہ خطائی کا مطلب فارسی زبان میں 6 ہوتا ہے اور اس سے یہ حوالہ دیا جاتا ہے کہ نان خطائی کی تیاری میں چھ اجزاء کا استعمال ہوتا ہے۔

اسے گھر پر بنانے کی نہایت آسان ترکیب یہاں پڑھیں:

اجزا

چوتھائی کپ سوجی

تین چوتھائی کپ بغیر نمک کا مکھن

سوا کپ آٹا

آدھا کپ اور ایک چائے کا چمچ پاﺅڈر چینی

ایک چائے کا چمچ ونیلا

آدھے سے تین چوتھائی چائے کا چمچ الائچی پاﺅڈر

دو چائے کے چمچ پسے ہوئے پستے یا بادام

ایک انڈے کی زردی

طریقہ کار (10 سے 12 نان خطائی کے لیے)

آٹے کو چھان لیں، پھر اس میں چینی، سوجی اور نرم مکھن کو ڈال کر تمام اجزا کو اچھی طرح مکس کر لیں۔

اس کے بعد ونیلا، الائچی، پستوں کو اس میں شامل کرکے گوندھ لیں اور یہ اس وقت تک کریں جب تک ایک نرم بھربھرا پیڑا نہ بن جائے، اب اسے ایک سائز کے 12 حصوں میں تقسیم کریں، چھوٹے پیڑے بنائیں اور انہیں ہاتھوں سے دبا کر بسکٹ کی شکل دے دیں۔

اب انہیں 40 سے 50 منٹ تک ریفریجریٹر میں رکھیں، ان کے اوپر انڈے کی زردی مل دیں اور پھر اوون میں 350 ڈگری کی آنچ پر 12 سے 15 منٹ تک پکائیں۔

اس کے بعد انہیں فوری طور پر نکال لیں (نوٹ: اوون سے جب انہیں نکالا جائے گا تو یہ بسکٹ بہت نرم ہوں گے مگر ٹھنڈے ہونے کے بعد یہ بہت سخت ہوجائیں گے) اور کسی وائر ریک پر ٹھنڈا ہونے کے لیے رکھ دیں۔

ایک مرتبہ جب بسکٹ ٹھنڈے ہوجائیں تو ائیرٹائٹ جار میں اسٹور کرلیں اور بعد میں ایک کپ گرما گرم چائے کے ساتھ ان کا مزہ لیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں