’عریاں کردار ادا کرنے سے شدید نفسیائی مسائل سے دوچار ہوئی‘

20 ستمبر 2019
میگن فاکس نے 2009 کی فلم ’جینیفرز باڈی‘ میں بولڈ کردار ادا کیا تھا—اسکرین شاٹ
میگن فاکس نے 2009 کی فلم ’جینیفرز باڈی‘ میں بولڈ کردار ادا کیا تھا—اسکرین شاٹ

ہولی وڈ سائنس فکشن فلم ’ٹرانسفارمر‘ سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ 33 سالہ میگن فاکس نے اعتراف کیا ہے کہ عریاں کردار ادا کرنے کی وجہ سے وہ شدید نفسیاتی مسائل سے دوچار ہوئیں۔

میگن فاکس کو عام طور پر بولڈ کرداروں کی وجہ سے جانا جاتا ہے اور انہوں نے معروف سائنس فکشن فلم سیریز ’ٹرانسفارمرز‘ میں بھی بولڈ کردار ادا کیا تھا۔

’ٹرانسفارمرز‘ میں انہوں نے شیا لابوف کی کلاس فیلو اور محبوبا کا کردار ادا کیا تھا لیکن وہ فلم میں بولڈ روپ میں دیکھی گئیں۔

میگن فاکس نے 2001 میں فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا، انہیں اپنی تیسری فلم ’کنفیشنز آف ٹین ایج ڈرامہ کوئین‘ سے شہرت ملی، تاہم وہ 2007 میں ریلیز ہونے والی اپنی چوتھی فلم ’ٹرانسفارمرز‘ سے فلم سازوں کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئیں۔

میگن فاکس 2009 میں بھی ’ٹرانسفارمرز‘ سیریز کے سیکوئل میں دکھائی دیں اور اسی سال ان کی ہارر کامیڈی فلم ’جینیفرز باڈی‘ بھی سامنے آئی، جس نے ان کو شہرت کی نئی بلندیوں پر پہنچایا۔

ٹرانسفارمرز میں بھی میگن فاکس کو بولڈ انداز میں دکھایا گیا تھا—اسکرین شاٹ
ٹرانسفارمرز میں بھی میگن فاکس کو بولڈ انداز میں دکھایا گیا تھا—اسکرین شاٹ

اس فلم میں میگن فاکس پہلی مرتبہ انتہائی عریاں اور خطرناک کردار میں دکھائیں دیں اور اسی فلم نے شاندار کامیابی بھی حاصل کی۔

’جینیفرز باڈیز‘ کو 18 ستمبر 2019 میں ریلیز کیا گیا تھا اور فلم کی ریلیز کو ایک دہائی مکمل ہونے کے بعد میگن فاکس نے فلم کی لکھاری ڈیابلو کوڈے کے ساتھ مل کر فلم سے جڑے واقعات سے پردہ اٹھایا۔

فلم کی ریلیز کو ایک دہائی مکمل ہونے پر شوبز ویب سائٹ ’ای آن لائن‘ کے سامنے اداکارہ میگن فاکس نے اعتراف کیا کہ اس فلم میں عریاں کردار ادا کرنے کی وجہ سے وہ شدید نفسیائی مسائل سے دوچار ہوئیں۔

اس فلم میں انہوں نے ایک ایسی نوجوان لڑکی کا کردار ادا کیا تھا جو ایک واقعے کے بعد نفسیاتی مسائل کا شکار ہوجاتی ہے اور وہ کئی افراد سے جنسی تعلقات استوار کرنے کے بہانے قریب آکر انہیں نقصان پہنچاتی ہیں اور کچھ افراد کو قتل بھی کردیتی ہیں۔

میگن فاکس اور ڈیابلو کوڈے نے فلم کی ریلیز کی ایک دہائی مکمل ہونے پر نفسیاتی مسائل سے پردہ اٹھایا—فوٹو: ای آن لائن
میگن فاکس اور ڈیابلو کوڈے نے فلم کی ریلیز کی ایک دہائی مکمل ہونے پر نفسیاتی مسائل سے پردہ اٹھایا—فوٹو: ای آن لائن

میگن فاکس نے فلم میں اپنے کردار سے متعلق بات کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ وہ ایسے کردار کو نبھانے کے بعد شدید نفسیاتی مسائل کا شکار ہوگئیں اور انہیں ایسا محسوس ہوتا تھا کہ اگر وہ گھر سے باہر گئیں اور لوگوں نے انہیں دیکھا تو وہ ان پر شدید تنقید کریں گے۔

میگن فاکس نے یہ انکشاف بھی کیا کہ ’جینیفرز باڈی‘ کے بعد تمام فلم پروڈیوسرز نے انہیں صرف عریاں اور فحش کرداروں کی پیش کش کی اور ایسے کردار ان کے لیے مزید ذہنی اذیت کا باعث بنے۔

اداکارہ کے مطابق وہ ایک دہائی قبل فلم میں عریاں کردار ادا کرنے کے بعد پہنچنے والی ذہنی اذیت کو بیان نہیں کرسکتیں۔

View this post on Instagram

...We cut my hair off last week BTW.

A post shared by Megan Fox (@meganfox) on

میگن فاکس کا کہنا تھا کہ انہیں کافی عرصے تک ایسا محسوس ہوتا رہا کہ ان کا جنسی استحصال کیا جا رہا ہے اور انہیں جان بوجھ کر فحش کردار دیے جا رہے ہیں۔

ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ جب 2 سال قبل دنیا میں ’می ٹو مہم‘ شروع ہوئی تو انہوں نے سب کو کہا کہ ایک طرح سے ان کا بھی جنسی استحصال ہوا ہے لیکن وہ کسی پر اس کا الزام عائد نہیں کریں گی۔

میگن فاکس کے مطابق می ٹو مہم کے بعد ان کی جانب سے ایسا کہنے پر کئی لوگ ان سے خفا ہوگئے اور انہیں خواتین مخالف سمجھا جانے لگا۔

اداکارہ نے اعتراف کیا کہ وہ خود کو ’فیمنسٹ‘ سمجھتی ہیں لیکن ’فیمنزم‘ کا پرچار کرنے والے گروپ انہیں اپنے ساتھ شریک کرنے کو تیار نہیں کیوں کہ انہیں ایسا لگتا ہے کہ میں ’فیمنسٹ‘ نہیں ہوں۔

کافی عرصے تک عریاں کردار دیے گئے—فوٹو: انسٹاگرام
کافی عرصے تک عریاں کردار دیے گئے—فوٹو: انسٹاگرام

اداکارہ کے ساتھ فلم کی لکھاری نے بھی بات کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ میگن فاکس کی طرح وہ بھی ’جینیفرز باڈی‘ فلم بنانے کے بعد ذہنی مسائل سے دو چار رہیں۔

انہوں نے بھی کہا کہ انہیں بھی ’می ٹو مہم‘ کی متحرک خواتین اچھا نہیں سمجھتیں۔

اداکارہ میگن فاکس اور فلم لکھاری ڈیابلو کوڈے کی جانب سے فلم ’جینیفرز باڈی‘ کی ریلیز کو ایک دہائی مکمل ہونے کے بعد ایک ساتھ فلم پر بات کرنے کو فلم کے سیکوئل سے جوڑا جا رہا ہے۔

اور خیال کیا جا رہا ہے کہ ممکنہ طور پر اداکارہ و لکھاری فلم کا سیکوئل بنانے جا رہی ہیں لیکن دونوں نے اپنی گفتگو میں سیکوئل کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی۔

تبصرے (0) بند ہیں