وزیرستان: گاڑی پر فائرنگ سے 4 شہری، 2 ایف سی اہلکار شہید

اپ ڈیٹ 25 ستمبر 2019
علاقے کو خالی کروا کر تلاشی کے کام کا آغاز کردیا گیا تھا —فائل فوٹو: آئی ایس پی آر
علاقے کو خالی کروا کر تلاشی کے کام کا آغاز کردیا گیا تھا —فائل فوٹو: آئی ایس پی آر

مانسہرہ: قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں شرپسندوں کی جانب سے گاڑی پر کی گئی فائرنگ کے نتیجے میں تیل کی تلاش کرنے والی کمپنی کے 4 ملازمین اور پیراملٹری فورس کے 2 اہلکار شہید جبکہ 4 جوان زخمی ہوگئے۔

مقامی حکام نے فرنٹیر کور (ایف سی) کے اہلکاروں اور کمپنی ملازمین کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی، مذکورہ گاڑی کو شمالی وزیرستان کی تحصیل اسپین وام میں صبح 10 بجے حملے کا نشانہ بنایا گیا۔

اس سلسلے میں ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کی کمپنی ’مری پیٹرولیم پروڈکشن کمپنی‘ کے ملازمین علاقے کا سروے کررہے تھے جب ان پر مسلح افراد نے حملہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: مہمند ایجنسی: دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک اہلکار شہید

عہدیدار کے مطابق فرنٹیر کور کے جوان سروے ٹیم کو تحفظ فراہم کررہے تھے۔

حملے میں جاں بحق ہونے والے کمپنی کے ملازمین کی شناخت حکمت اللہ، ناصر گل، ویران اور سمریز خان کے ناموں سے ہوئی جبکہ ایف سی اہلکاروں کی شناخت گل رحیم اور ذیشان کے ناموں سے ہوئی۔

اس کے علاوہ حملے میں زخمی اہلکاروں کے نام صدر، رحمٰن، جہانگیر اور نعمت بتائے گئے، جنہیں فوری طور پر مقامی ہسپتال لے جایا گیا۔

مزید پڑھیں: وزیرستان: دھماکے میں 5 اہلکار زخمی

ایک اور عہدیدار کا کہنا تھا کہ علاقے کو خالی کروا کر تلاشی کے کام کا آغاز کردیا گیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مری پیٹرولیم پروڈکشن کمپنی تیل اور گیس کی تلاش کے لیے اسپین وام اور ضلع کے دیگر علاقوں کا سروے کررہی تھی۔


یہ خبر 25 ستمبر 2019 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

تبصرے (0) بند ہیں