دورہ پاکستان یادگار رہا، ٹیموں کو پاکستان آنے کا مشورہ دوں گا، سری لنکن کپتان

اپ ڈیٹ 03 اکتوبر 2019
پاکستان نے سری لنکا کو تیسرے ون ڈے میچ میں 5 وکٹوں سے شکست دے سیریز جیت لی تھی— فوٹو: اے ایف پی
پاکستان نے سری لنکا کو تیسرے ون ڈے میچ میں 5 وکٹوں سے شکست دے سیریز جیت لی تھی— فوٹو: اے ایف پی

سری لنکن کپتان لہیرو تھریمانے نے دورہ پاکستان کو یادگار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دوسروں ٹیموں کو بھی پاکستان آنے کا مشورہ دیں گے۔

پاکستان نے کراچی میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے میچ میں سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 0-2 سے اپنے نام کر لی تھی۔

مزید پڑھیں: پاکستان کی سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست، سیریز بھی جیت لی

سری لنکا کے کپتان لہیرو تھری مانے نے تیسرے میچ کے اختتام پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اپنی ٹیم پر فخر ہے کیونکہ انہوں نے بہت اچھی فائٹ کی۔

انہوں نے کہا کہ 297 اچھا اسکور تھا لیکن اس کے بعد ہم گیند سے ابتدائی 10-15 اوورز میں منصوبہ بندی کے مطابق کھیل پیش نہ کر سکے۔

انہوں نے کہا کہ شکست کے باوجود مجھے اپنی ٹیم کی مجموعی کارکردگی پر فخر ہے، داسن اور شیہان نے بہت عمدہ بیٹنگ کی جبکہ پاکستان کے اس باؤلنگ اٹیک کے خلاف گوناتھیلاکا کی سنچری بھی بہت بڑا کارنامہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سری لنکا سے ٹی20 سیریز: قومی اسکواڈ میں احمد شہزاد اور عمر اکمل کی واپسی

تھریمانے نے کہا کہ یہ میرا پہلا دورہ پاکستان ہے اور یاں آ کر کھیلنے کا تجربہ بہت اچھا اور یادگار رہا، میں دیگر ٹیموں کو بھی پاکستان آ کر کھیلنے کا مشورہ دوں گا۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے فتح کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس ہدف کا تعاقب آسان نہیں تھا لیکن عابد علی نے شاندار بیٹنگ کی، انہوں نے جس طرح دباؤ کو جھیلا اس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔

سرفراز نے کہا کہ ہماری فیلڈنگ اچھی نہیں تھی، ٹی20 سیریز میں فیلڈنگ بہتر کرنے کی کوشش کریں اور عمدہ کھیل پیش کریں گے۔

مزید پڑھیں: بابر اعظم ون ڈے میں ڈبل سنچری اسکور کر سکتے ہیں، شاہد آفریدی

انہوں نے ٹیم کو انتباہ دیا کہ اگر ہم نے ٹی20 میچوں میں بھی اس طرح فیلڈنگ کی تو سیریز نہیں جیت سکیں گے۔

قومی ٹیم کے کپتان نے دونوں ٹیموں کو سپورٹ کرنے پر شائقین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں 10سال بعد یہاں کھیل رہا تھا، ہر کسی کو اپنے ہوم گراؤنڈ پر کھیلنا اچھا لگتا ہے لہٰذا امید ہے کہ پاکستان میں کرکٹ جاری رہے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں