اس بات کا تو اندازہ تھا کہ عاطف اسلم کوک اسٹوڈیو سیزن 12 کا آغاز کریں گے مگر یہ خیال نہیں تھا کہ وہ دنگ کردیں گے۔

کوک اسٹوڈیو سیزن 12 کی پہلی قسط جاری کردی گئی ہے اور ایسا لگتا ہے کہ اس بار یہ شو مداحوں کو مایوس نہیں کرے گا۔

روحیل حیات کی واپسی اور حمد 'وہی خدا ہے' میں عاطف اسلم کی پرفارمنس نے کوک اسٹوڈیو کے حوالے سے مداحوں کی توقعات کو بڑھا دیا ہے۔

اس حمد میں کوک اسٹوڈیو میں زیادہ تجربات نہیں کیے گئے بلکہ اسے سادہ رکھا گیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ لوگ سراہنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ ٹوئٹر پر عاطف اسلم کی حمد ٹاپ ٹرینڈ بنی ہوئی ہے اور لگتا ہے کہ ہر ایک ہی اس پر کمنٹ کررہا ہے۔

ایک صارف نے لکھا 'ابھی وہی خدا ہے کو سنا اور میں کہہ سکتا ہوں کہ 2016 کے بعد سے اتنی طاقتور پرفارمنس نہیں سنی، عاطف اسلم اور روحیل حیات کا امتزاج جادو کے برابر ہے'۔

ایک اور صارف کا کہنا تھا 'جب عاطف کہتے ہیں کوئی تو ہے جو نظام ہستی چلا رہا ہے وہی خدا ہے، تو میں نے محسوس کیا۔ آخرکار میں آج کے لیے کچھ اچھا ڈھونڈنے میں کامیاب رہا، یہ مطمئن کردینے والا ہے اور میرے جسم کے رونگٹے کھڑے ہوگئے ہیں'۔

شائسہ لودھی نے اس پر روحیل حیات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا سکون پہنچانے والی کمپوزیشن جو تاریخی ثابت ہونے والی ہے۔

ایک بھارتی صارف نے بھی اسے رونگٹے اور آنسو بہادینے والا تجربہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ مجھے اللہ کے قریب لے گیا۔

ایک اور ٹوئٹ میں کہا گیا 'میں سوچ رہی ہوں کہ عاطف اسلم کی آواز زیادہ اچھی ہے یا ان کی شیرونی'۔

جبران صدیقی نے بھی اسے خوبصورت قرار دیا جس میں خوبصورت آواز اور سادہ موسیقی نے رنگ بھرے۔

ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ زمین میں کوئی بھی اس حمد کے ساتھ عاطف اسلم کے علاوہ انصاف نہیں کرسکتا، یہ خالص اور جمالیاتی حس کو تسکین پہنچانے والی حمد ہے، پوری حمد رونگٹے کھڑے کردیتی ہے جبکہ ذہن کو سکون پہنچتا ہے۔

خیال رہے کہ سیزن 12 میں عاطف اسلم، راحت فتح علی خان، حدیقہ کیانی، ابرارالحق، عائمہ بیگ، شجاع حیدر، علی سیٹھی، فرید آیاز، فریحہ پرویز‎، کاشف دن، نمرا رفیق، قرۃالعین بلوچ، ریچل ویکاجی، ساحر علی بگا، صنم ماروی، شہاب حسین، عمیر جسوال، زیب بنگش، ذوئی ویکاجی جیسے گلوکار پرفارم کرتے نظر آئیں گے۔

کوک اسٹوڈیو کے سیزن 12 کو وائٹل سائنز کے ممبر روحیل حیات پروڈیوس کررہے ہیں۔

خیال رہے کہ اسٹرنگز 2014 میں کوک اسٹوڈیو کا حصہ بنے اور سیزن 7 سے سیزن 10 تک اس شو کو سنبھالا، ان سے قبل روحیل حیات ہی اس شو کی پروڈکشن کررہے تھے، جنہون نے 2013 میں کوک اسٹوڈیو سے علیحدگی اختیار کی۔

کوک اسٹوڈیو سیزن 11 کی پروڈکشن زوہیب قاضی اور علی حمزہ نے کی تھی، تاہم اس سیزن کو ملا جلا ردعمل ملا، البتہ اب مداح روہیل حیات کی واپسی پر بےحد خوش ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں